جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ پاکستان آ کر کھیلنے سے معذرت کر لی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ اس کی وجہ ’زیادہ کرکٹ کھیلنے کے باعث کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھنا‘ بتایا گیا ہے۔
اس دورے میں اسے پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنی تھی۔
جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے دورہ نہ کرنے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر مطلع کردیا ہے۔
مزید ہڑھیے
جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس کے کھلاڑی بہت زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اس دباؤ کی وجہ سے ان کے لیے پاکستان آکر کھیلنا ممکن نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے یہ ضرور کہا ہے کہ وہ اسی سال کسی وقت پاکستان میں یہ سیریز ضرور کھیلے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کو پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کی تجویز پیش کی تھی اس نے ان میچوں کے لیے راولپنڈی کا نام تجویز کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اس تجویز سے اتفاق کیا تھا تاہم یہ بھی کہا تھا کہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا سکیورٹی وفد روری اسٹین کی سربراہی میں پاکستان آکر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے گا۔

،تصویر کا ذریعہPCB
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم اس وقت انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں مصروف ہے جس کے بعد اسے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کی میزبانی کرنی ہے اور پھر بھارت کا دورہ کرنا ہے جس کا آخری میچ اٹھارہ مارچ کو ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا خیال تھا کہ چونکہ پی ایس ایل کا فائنل 22 مارچ کو ہے لہٰذا جنوبی افریقی ٹیم کو چار دنوں کے لیے دبئی میں رکھا جائے کیونکہ ان کے لیے بھارت سے وطن واپس جا کر فوراً پاکستان آنا مشکل ہو گا۔
جنوبی افریقی کرکٹرز 18 مارچ کو بھارت کے خلاف سیریز کے بعد اب آئی پی ایل میں حصہ لیں گے جو 28 مارچ کو شروع ہو گی۔
خیال رہے کہ اس وقت میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جو بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کا حصہ ہے۔
اس ٹیم کی قیادت سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کر رہے ہیں جو اس وقت ایم سی سی کے صدر بھی ہیں۔











