پاکستان سپر لیگ: 28 غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ کر پی ایس ایل کھیلنے پر رضامند

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل سٹین ان اٹھائیس غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنھوں نے آئندہ سال ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
یہ کھلاڑی پی ایس ایل کی پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے اور ان کھلاڑیوں کی جانب سے پی ایس ایل کھیلنے پر آمادگی کا مطلب یہ ہے کہ یہ پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ اکیس نومبر ہے، جس کی وجہ سے اگلے چند دنوں میں مزید غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے پی ایس ایل میں شرکت پر رضامندی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈیل سٹین نے پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں اپنا نام رجسٹرکروایا ہے۔
ڈیل سٹین کا کہنا ہے کہ انھیں پی ایس ایل کے ڈرافٹ ُپول کا حصہ بن کر خوشی محسوس ہو رہی ہے اور انھیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے کتنے ُپرجوش رہتے ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
ڈیل سٹین ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے زیادہ 439 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 196 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 61 ہے۔
وہ سنہ 2007 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
ڈیل سٹین کے علاوہ جن 28 کھلاڑیوں کے نام اب تک پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہوئے ہیں ان میں معین علی، جیسن روئے اور عادل رشید بھی شامل ہیں۔ یہ تینوں کھلاڑی اس سال ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیم میں شامل تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
معین علی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں نے اس لیگ کے معیار کی بہت تعریف کی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ بھی پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہیں تاہم وہ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے کی وجہ سے پوری لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
افغانستان کے تین کرکٹرز راشد خان، محمد نبی اور مجیب الرحمن نے بھی پی ایس ایل میں شرکت پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے قواعد وضوابط کے مطابق ہر ٹیم میں کم ازکم سولہ اور زیادہ سے زیادہ اٹھارہ کھلاڑی شامل ہونے ضروری ہیں۔ ہر ٹیم میں پانچ یا چھ غیر ملکی کرکٹرز کی شمولیت بھی لازمی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہر ٹیم پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری میں تین تین کھلاڑی رکھ سکتی ہے جبکہ سلور کیٹگری میں پانچ اور ایمرجنگ کیٹگری میں دو کرکٹرز ہوتے ہیں۔
میدان میں اترنے والی پلیئنگ الیون میں تین غیر ملکی کرکٹرز کا ہونا ضروری ہے۔
اس مرتبہ ہر فرنچائز کو گزشتہ سکواڈ میں سے آٹھ کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہو گی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد دس تھی۔
پاکستان سپر لیگ کے لیے فرنچائزز حتمی کھلاڑیوں کا انتخاب دسمبر کے پہلے ہفتے میں کریں گی۔












