مہندر سنگھ دھونی: کیا وہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوبارہ نظر آئیں گے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, آدیش کمار گپت
- عہدہ, کھیلوں کے نامہ نگار
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انڈین ٹیم کی شکست کے بعد سے کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں۔
دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ لیکن فی الحال دھونی اور انڈیا کا کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی، دونوں ہی اس موضوع پر خاموش ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ساتھ شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز کے انڈین سکواڈ میں بھی دھونی شامل نہیں ہیں۔ اس سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو چکا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے پورے دورے میں بھی دھونی ٹیم سے باہر رہے۔
یہ بھی پڑھیے
انڈیا میں کرکٹ کے ناقد ایاز میمن کا خیال ہے کہ دھونی کے مزید کھیلنے کے بارے میں تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہیے۔
میمن نے کہا کہ ’دھونی آگے کھیلیں گے یا نہیں یہ فیصلہ انھیں خود کرنا ہے۔ جب وہ یہ فیصلہ کر لیں گے تو خود ہی سامنے آ کر اعلان کر دیں گے۔ اس پر تشویش کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وراٹ کوہلی نے تشویش بڑھائی
ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈیا کے باہر ہونے کی بات اب پرانی ہو چکی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد انڈیا ویسٹ انڈیز کو ٹی 20 ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں ہرا چکا ہے۔ لیکن دھونی کو مسلسل یاد کیا جا رہا ہے۔
گذشتہ دنوں صبح سے شام تک قیاس آرائیوں کا بازار گرم تھا کہ کہیں دھونی بین الاقوامی مقابلوں کو الوداع تو نہیں کہنے جا رہے۔ تاہم یہ محض افواہ ثابت ہوئی۔
دراصل انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ اس افواہ کی وجہ بن گئی۔ انھوں نے ایک ایسی تصویر پوسٹ کی کہ اس کے ارد گرد ایک افسانہ ہی بُن لیا گیا۔
وراٹ کوہلی نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں یہ میچ کبھی نہیں بھول سکتا۔ وہ بہت خاص رات تھی۔ اس شخص نے مجھے ایسے بھگایا جیسے فٹنس ٹیسٹ میں دوڑایا جاتا ہے۔‘
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام, 1
دراصل کوہلی کی اس تصویر میں وہ دھونی کے سامنے جھکے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصویر سنہ 2016 کے ورلڈ ٹی 20 مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف انڈیا کی شاندار جیت کی ہے۔ اس مقابلے میں انڈیا نے دھونی اور کوہلی کے سنگلز اور ڈبلز کی بدولت 161 رن کا مشکل ٹارگٹ حاصل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
کوہلی کی اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہ تیزی سے پھیلی ہے کہ ایم ایس دھونی جلد اپنی ریٹائرمںٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔
حالانکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد دھونی کی اہلیہ ساکشی دھونی نے ٹویٹ کر کے ان دعووں کو مسترد کر دیا تھا۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام, 2
دھونی کی جگہ کون؟
وراٹ کوہلی کے ٹویٹ کے بعد کئی لوگوں نے سوچا کہ دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اگر یہ افواہ ہو تو بھی یہ سوال تو بنتا ہی ہے کہ اگر ابھی نہیں تو کب؟
اس کے جواب میں ایاز میمن کہتے ہیں کہ ’دھونی کو کب تک کھیلنا ہے، یہ دھونی اور سلیکٹرز کو طے کرنا ہے۔ اگر سلیکٹرز کو لگتا ہے کہ اب ٹیم میں دھونی کے لیے جگہ نہیں بن رہی تو انھیں اس بارے میں دھونی سے بات کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انھیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ دھونی کی جگہ کون لے سکتا ہے۔‘
دھونی کی جگہ انڈین کرکٹ ٹیم میں کون لے گا، یہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔ جواب کے طور پر گذشتہ چند مہینوں سے رشبھ پنت کو تیار کیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مہیندر سنگھ دھونی ٹیسٹ کرکٹ تو چھوڑ چکے ہیں، اس لیے پنت کا موازنہ دھونی سے ون ڈے اور ٹی 20 میں ہی کیا جا سکتا ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران دھونی اور پنت ساتھ ساتھ کھیل رہے تھے۔
گذشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے مقابلے میں دھونی تو کھیلے نہیں، لیکن رشبھ پنت بھی کوئی کمال نہیں دکھا سکے۔
حالانکہ ٹی 20 سیریز کے ایک میچ میں وہ 65 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن اس سے قبل چند میچوں میں ان کا سکور کچھ ایسا رہا: 0,4,40,28,3,10,4
ظاہر ہے کہ کرکٹ کے سب سے مختصر فارمیٹ میں بھی پنت کا دھونی کی جگہ لینا تو دور، وہ فی الحال ان کی پرچھائی بھی نہیں نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
دھونی اتنے خاص کیوں ہیں؟
اب بھی ٹیم انڈیا میں مہیندر سنگھ دھونی کی اتنی اہمیت کیوں ہے؟ اس بارے میں ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی خود متعدد بار جواب دے چکے ہیں۔
وراٹ کہہ چکے ہیں کہ ان کی ٹیم میں سب سے تجربہ کار کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی ہیں، اور ان کا تجربہ انمول ہے۔
کوئی مانے یا نہ مانے تجربے کی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔ جب تک دھونی کھیلنا چاہیں تب تک وہ ٹیم کے لیے اہم رہیں گے۔
اب جبکہ انڈین ٹیم کا ٹارگٹ اگلے برس ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کا انتخاب کرنا ہے تو یہ غور کرنے والی بات ہے کہ ٹیم میں کوئی اور ان کی طرح ذمہ داری سے کرکٹ کھیلتا ہے یا نہیں۔








