کرکٹ ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ نے سری لنکا پر نو وکٹوں سے فتح حاصل کر لی

ہاشم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکرکٹ کے 12ویں عالمی کپ کے 35ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے

کرکٹ کے 12ویں عالمی کپ کے 35ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ میں کیا ہوا؟

لیڈز میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلیسی نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو کگیسو ربادا نے پہلی ہی گیند پر سری لنکن کپتان کو پویلین لوٹا دیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں فاسٹ بولر ڈوین پریٹوریس کی شمولیت بھی کارآمد ثابت ہوئی جنھوں نے اپنے دس اوورز میں صرف 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلیوں کی راہ دکھائی۔ اس سب میں سری لنکا کی بیٹنگ سنبھل نہ پائی اور صرف 203 رنز ہی بنا پائی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پریٹوریس اور مورس تین تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سری لنکا کی جانب سے اوشکا فرنینڈو نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

204 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے آغاز سے ہی پر اعتماد بیٹنگ کی اور سری لنکن بولرز کو جمنے نہ دیا۔ کوئنٹن ڈی کاک کے جلدی آؤٹ ہونے کے باوجود فاف ڈو پلیسی کے عمدہ 96 اور ہاشم آملہ کے 80 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز نے جنوبی افریقہ کو فتح سے ہمکنار کیا۔ سری لنکا کی جانب سے ایک وکٹ لاستھ ملنگا کے نام رہی۔

ڈوین

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنڈوین پرٹوریس اپنے دس اوورز میں صرف 25 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے

میچ کا بہترین کھلاڑی

جنوبی افریقہ نے آج لنگی نگیڈی کی جگہ ڈوین پریٹوریس کو ٹیم میں کھلانے کا فیصلہ کیا جو ان کے ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کے ارادے کی طرح درست ثابت ہوا۔

پریٹوریس کی خاص بات انھیں اپنے لمبے قد کی وجہ سے ملنے والا باؤنس تھا۔ ایک موقع پر جب سری لنکا کے 67 رنز پر صرف ایک کھلاڑی آؤٹ تھا تو ایسے میں پریٹوریس نے کسال پریرا، اوشکا فرنینڈو اور کسال مینڈس کو آؤٹ کر کے سری لنکن بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔

وہ اپنے دس اوورز میں صرف 25 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

فاف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنفاف ڈؤپلیسی کی 96 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا

میچ کا بہترین بلے باز

جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کے بارے میں انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹورنامنٹ سے پہلے کہا تھا کہ اگر ایک کھلاڑی وہ کسی اور ٹیم سے لے سکتے تو وہ فاف ڈو پلیسی ہوتے۔

لیکن ڈوپلیسی نے پورے ٹورنامنٹ میں وہ کارکردگی نہیں دکھائی جس کی ان سے امید کی جا رہی تھی۔ شاید اس کی ایک وجہ ان پر موجود کپتانی کا بوجھ بھی تھا۔ البتہ آج وہ ایک مختلف رنگ میں نظر آئے اور خوبصورت انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 96 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔

آؤٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنآج جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد سری لنکا کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل دکھائی دے رہی ہے

اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی

جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان سے شکست کے بعد اس ورلڈ کپ سے باہر ہو چکی ہے، جبکہ سری لنکا کی ٹیم کے نے اپنے حالیہ میچ میں میزبان انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی کی امید برقرار رکھی تھی۔

البتہ آج کی شکست کے بعد سری لنکا کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ سرری لنکا کو نہ اپنے اگلے دونوں میچ جیتنے ہوں گے بلکہ باقی ٹیموں کی ناکامیوں کی امید بھی کرنی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیے

پریرا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسری لنکن بلے بازوں نے انتہائی غیر زمے دارانہ سٹروکس کھیلے اور ایک اچھا ٹوٹل بنانے میں ناکام رہے

سری لنکا کی ناقص بلے بازی

سری لنکا کی ٹیم کے پاس میزبان انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد اس سیمی فائنل تک رسائی کو یقینی بنانے کا یہ سنہری موقع تھا۔ لیکن سری لنکن بلے بازوں نے انتہائی غیر زمے دارانہ سٹروکس کھیلے اور ایک اچھا ٹوٹل بنانے میں ناکام رہے۔

سابق کپتان اینجلو میتھیوز کی شاٹ میچ کی صورتحال کے حصاب سے انتہائی ناقص تھی۔ انھوں نے کرس مارس کو دو چوکے مارنے کے بعد دوبارہ قدموں کا استعمال کیا اور گیند ان کے بلے کا اندرونی کنارا لیتی ہوئی وکٹوں سے جا ٹکرائی۔