کرکٹ ورلڈ کپ 2019: محمد حفیظ کے مطابق ’پاکستانی کرکٹ ٹیم کی یہ تاریخ ہے کہ وہ گر کر اٹھتی ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو اس بات کا افسوس ہے کہ ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف شکست کے بعد ہونے والی تنقید میں کرکٹرز کے ساتھ ساتھ ان کی خاندانوں کو کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انڈیا کے خلاف شکست کے بعد بہت سی باتوں کا میڈیا میں ذکر ہوا اور کھلاڑیوں کو بہت سی باتیں سننے کو ملیں جو بہت زیادہ تکلیف دہ تھیں اور وہ ان تمام کرکٹرز کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں جن کے خاندانوں کو ہدف بنایا گیا۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مواد دستیاب نہیں ہے
Facebook مزید دیکھنے کے لیےبی بی سی. بی بی سی بیرونی سائٹس پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے.Facebook پوسٹ کا اختتام
محمد حفیظ نے شعیب ملک کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً ان کی کارکردگی بری رہی ہے لیکن یہ وقت ہر کرکٹر پر آتا ہے کہ آپ اچھا کرنے کی کوشش کرکے بھی کامیاب نہیں ہوتے۔ صرف ایک دو ناکامیوں پر 15، 20 سال کے کریئر کی خدمات کو بھلادینا درست نہیں ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ابھی تک پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور اس کی ذمہ داری کسی فرد واحد پر نہیں ڈالی جا سکتی سب کو اس کی ذمہ داری لینی پڑے گی جس میں کھلاڑی اورسپورٹنگ سٹاف شامل ہیں۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کے خیال میں انڈیا کے خلاف شکست کا دکھ کھلاڑیوں کو اتنا ہی ہے جتنا کسی دوسرے پاکستانی کو ہے۔ اس شکست کو قبول کرتے ہوئے اپنی خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جب محمد حفیظ کو یاد دلایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹیم کو مشورہ دیا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی جائے اس کے باوجود پہلے بولنگ کا فیصلہ کیوں کیا گیا تو ان کا جواب تھا کہ ٹاس کے بارے میں اتنی بحث نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹویٹس پڑھ کر کوئی بھی فیصلے نہیں کرتا۔ کسی کی رائے لے کر کوئی اپنی رائے تبدیل نہیں کرتا۔ سرفراز کو جو بھی فیصلہ بہترین لگا وہ انھوں نے کیا، یہ ٹیم کا فیصلہ تھا جو کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔ بولرز اچھی بولنگ کرکے انڈین بلے بازوں کو دباؤ میں نہیں لاسکے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم اس وقت ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے اور یہ بات محمد حفیظ کے لیے بڑی تکلیف دہ ہے۔
ان کا کہنا ہے ’یہ دباؤ سے زیادہ دکھ کی بات ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اس جگہ موجود ہے تاہم ہماری ٹیم کا چانس ابھی ختم نہیں ہوا اور پاکستانی ٹیم کی یہ تاریخ ہے کہ وہ گر کر اٹھتی ہے۔ اگلے میچ کی تیاری میں کوئی کمی نہیں چھوڑ رہے۔ امید ہے کہ آئندہ میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔











