کرکٹ ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش پر 48 رنز سے فتح حاصل کر لی

سومیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا کے 381 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 333 رنز ہی بنا سکی

کرکٹ کے 12ویں عالمی کپ کے 26 ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی۔

میچ میں کیا ہوا

ٹرینٹ برج کے میدان پر آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 381 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 166 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کے سومیا سرکار نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز ہی بنا سکی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ رنز مشفق الرحیم نے بنائے، انھوں نے 102 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ نیتھن کولٹر نائل، مچل سٹارک اور مارکس سٹوائنس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

وارنر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنوارنر نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 16ویں سنچری 110 گیندوں میں مکمل کر کہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے

میچ کا بہترین کھلاڑی

آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 16ویں سنچری 110 گیندوں میں بنائی اور ایسے وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔

انھوں نے اس اننگز میں 14 چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں وارنر کی دوسری سنچری ہے۔

یاد رہے کہ وارنر اس ورلڈکپ ایک مہینہ پہلے ہی بال ٹیمپرن کے نتیجے میں ایک سال کی پابندی کے بعد آسٹریلوی ٹیم میں واپس آئے تھے۔

مزید پڑھیں

مشفق

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنمشفق نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی لیکن افسوس کہ آخر میں ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہ بچا

بنگلہ دیش کا تگڑا جواب

جب آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 382 رنز کا ہدف دیا تو بنگلہ دیش کا اس ہدف کے قریب بھی آنا مشکل لگ رہا تھا۔ لیکن ایسے میں بنگلہ دیش کے تمام بلے بازوں نے پر اعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے چھوٹی چھوٹی شراکتوں کی مدد سے 333 رنز بنا لیا۔

اس حوالے سے مشفق الرحیم اور تمیم اقبال کا کردار بہت اہم تھا۔ تمیم اقبال نے اننگز کا عمدہ آغاز کرتے ہوئے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ مشفق نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی لیکن افسوس کہ آخر میں ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہ بچا۔

جب بنگلہ دیش نے 45 اوورز میں 300 رنز بنائے تو احساس ہوا کہ بنگالی بولرز اور فیلڈرز نے 30 سے 40 رنز زیادہ دے دیے تھے۔

شکیب

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنآج بھی شکیب بہت عمدہ بیٹنگ کرتے دکھائی دیے لیکن عین اس وقت جب بنگلہ دیش کی پوزیشن مستحکم نظر آ رہی تھی وہ آؤٹ ہو گئے

میچ کا اہم ترین موڑ

بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ انھوں نے دو سنچریاں بنائی ہیں اور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کر کہ ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔

آج بھی شکیب بہت عمدہ بیٹنگ کرتے دکھائی دیے اور 41 رنز کی خوبصورت اننگرز کھیلی لیکن عین اس وقت جب بنگلہ دیش کی پوزیشن مستحکم نظر آ رہی تھی، وہ مچل سٹوائنس کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

اگر پہلے تین بنگالی بلے بازوں میں سے ایک بھی ایک بڑی اننگز کھیل جاتے تو شاید اس ہدف کا تعاقب ممکمن ہو پاتا۔