کرکٹ ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز پر آٹھ وکٹوں سے فتح

،تصویر کا ذریعہReuters
کرکٹ کے 12ویں عالمی کپ کے 19ویں میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی۔ اس فتح کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
میچ میں کیا ہوا
ساوتھیمٹن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 212 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے سب سے زیادہ سکور نکلوس پورن نے بنایا۔ انھوں نے 78 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی طرف سے مارک وڈ اور جوفرا آرچر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ نے 213 رنز کا ہدف 33.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ انگلینڈ کی طرف سے جو روٹ نے 11 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 100 رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دونوں وکٹیں شینن گیبریئل نے حاصل کیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میچ کا بہترین کھلاڑی
جو روٹ اپنی 16ویں سنچری اور دو وکٹوں کے باعث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انھوں نے اپنی سنچری میں 11 چوکے لگائے اور انگلینڈ کی ایک معمولی ہدف کا تعاقب کرنے میں مدد کی۔
لیکن ان کی بیٹنگ سے زیادہ بولنگ میں کی جانے والی کارکردگی اہم ثابت ہوئی۔ انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے انھیں اس وقت گیند تھمائی جب ویسٹ انڈیز کے نوجوان بلے باز شیمرون ہیٹمائر اور نکلولس پورن 89 رنز کی مضبوط شراکت قائم کر چکے تھے۔
مزید پڑھیں
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایسے میں روٹ نے ہیٹمائر کو آؤٹ کر کہ نہ صرف یہ شراکت توڑی بلکہ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کو بھی آوٹ کر کہ انگلینڈ کی میچ میں پوزیشن مستحکم کر دی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کرس گیل کی دلچسپ حرکات
جب انگلینڈ کو ایک اچھا آغاز ملا تو ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کو یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ اب ان کی میچ میں واپسی ممکن نہیں ہے۔ ایسے میں کپتان جیسن ہولڈر نے گیند کرس گیل کو تھمائی۔
گیل آئے تو پہلے تو ان کے خوبصورت چشمے بڑی سکرین پر دیکھ گراؤنڈ میں بیٹھے شائقین شور مچانے لگے۔ پھر گیل نے گیند کرانے سے پہلے تھوڑا ناچ کر شائقین کو متوجہ کیا۔ پھر ہر گیند پر جو روٹ اور کرس ووکس کو چھیڑتے نظر آئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پھر اپنے پہلے اچھے اوور کے بعد پچ کے بیچ میں کھڑے ہو کر انوکھے انداز میں سیلوٹ کرنے لگے اور شائقین سے داد جبکہ جو روٹ سے ایک مسکراہٹ وصول کی۔ یاد رہے کہ یہ کرس گیل کا آخری ورلڈ کپ ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ووکس کی نمبر تین پر بلے بازی
ووکس نے ویسٹ انڈیز کی اننگز کے آغاز میں ہی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے علاوہ عمدہ بولنگ کر کہ اپنی ٹیم کو اچھا آغاز دیا۔ لیکن آج انگلینڈ نے انھیں نمبر تین پر بھیج کر یہ یہ اعلان بھی کیا کہ ووکس صرف اپنی بولنگ کی وجہ سے ٹیم میں نہیں ہیں۔
ووکس نے ایک منجھے ہوئے بلے باز کی مانند 40 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی جس میں چار چوکے بھی شامل تھے اور اس طرح انگلینڈ کا یہ تجربہ بھی کامیاب رہا۔










