سرفراز احمد: ’وہاب ریاض اور عامر کی شمولیت سے بولنگ اٹیک بہتر ہوا ہے‘

سرفراز احمد اور ویرات کوہلی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنچیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ورلڈ کپ سکواڈ میں آخری لمحات پر فاسٹ بولر وہاب ریاض اور محمد عامر کو شامل کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اپنے بولنگ اٹیک پر مکمل اعتماد ہے اور وہ ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

اس ماہ کی 30 تاریخ سے انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں شامل دس ٹیموں کے کپتانوں کی لندن میں جمعرات کو ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں وہاب ریاض کے بارے میں ایک سوال پر سرفراز نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو بولنگ کے شعبے میں تجربہ کار بالروں کی ضرورت تھی جو وہاب ریاض اور محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت سے پوری ہو گئی ہے۔

وہاب ریاض کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ وہ نوے میل سے زیادہ کی رفتار پر بول کر سکتے ہیں جو کہہ ٹیم کے لیے بہت کارآمد ہو سکتا ہے۔

سرفراز احمد نے 20 سالہ شاداب خان کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ان کی ٹیم میں شمولیت سے بولنگ اٹیک اور بھی مستحکم ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

یاد رہے کہ 33 برس کے وہاب ریاض نے پاکستان کی طرف سے جون 2017 میں آخری ایک روزہ میچ کھیلا تھا اور اس کے بعد سے اب تک وہ کسی میچ میں شرکت نہیں کر سکے ہیں۔ انگلینڈ ہی میں سنہ 2017 میں کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف پہلے میچ میں وہاب ریاض پر بھارتی بلے باز بہت بری طرح سے حاوی ہو گئے تھے جس کے بعد وہاب ریاض کو اس ٹورنامنٹ کے کسی اور میچ میں نہیں کھلایا گیا تھا۔

محمد عامر بیماری کے سبب انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے میچوں میں بھی شرکت نہیں کر سکے اور گزشتہ کئی سیریز میں ان کی کارکردگی بھی حوصلہ افزا نہیں رہی ہے لیکن ابتدائی طور پر ان کو ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر پاکستان کے بہت سے سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ کے مبصروں نے کڑی تنقید کی تھی۔

سرفراز احمد

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسرفراز کی قیادت میں پاکستان نے سنہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی

انگلینڈ سے حال ہی میں ختم ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز پر کیے جانے والے اس سوال پر کہ کیا ورلڈ کپ جیسے انتہائی اہم ٹورنامنٹ سے قبل انھیں یہ سیریز کھیلنے پر کوئی افسوس ہے۔

سرفراز نے کہا کہ انھیں انگلینڈ سے سیریز کھیلنے اور ہارنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ٹیم نے اس سیریز میں بہت معیاری اور زبردست کرکٹ کھیلی ہے۔ انھوں نے اپنے بلے بازوں کی کارکردگی کو سرہاتے ہوئے کہا کہ سیریز کے سارے میچوں میں پاکستان کی ٹیم نے بڑا سکور کیا جو بہت خوش آئند بات ہے۔‘

انگلینڈ کے خلاف چار ایک روزہ میچوں اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی ٹیم کی فیلڈنگ کمزور نظر آئی اور اہم موقعوں اور اہم کیچ چھوٹ گئے تھے۔

سرفراز نے فیلڈنگ کا ذکر کیا اور کہا کہ اس شعبے میں وہ سخت محنت کر رہے ہیں اور اس کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔