پاکستان انگلینڈ پہلا ون ڈے: اوول میں بارش کے بعد میچ بغیر نتیجے کے ختم

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی لندن میں اوول کے میدان میں بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

بارش کی وجہ سے ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہونے والا میچ 47 اوورز اور اس کے بعد پھر مزید بارش کے بعد 41 اوورز کا کر دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود موسم نے ساتھ نہ دیا اور مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

جب بارش کی وجہ سے دوسری مرتبہ کھیل روکنا پڑا اس وقت پاکستان نے 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر80 رنز بنائے تھے۔ حارث سہیل 14 اور امام الحق 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 16 رنز بنا کر لیئم پلنکٹ کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پاکستان نے 15 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 58 رنز بنائے ہیں۔ اس وقت حارث سہیل اور انعام الحق وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان نے پہلے 5 اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر 15 رن بنائے۔ پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب فخر زمان جوفرا آرچر کی گیند پر دوسری سلپ میں جو روٹس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ محض تین رنز بنا پائے۔ آرچر مسلسل آف سٹمپ پر گیند کر رہے تھے جسے فخر زمان پر اعتماد طریقے سے کھیل نہیں پا رہے تھے اور آخر کار وہ کیچ دے بیٹھے۔

ٹاس کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے۔

پاکستان نے اپنی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی ہے اورمحمد حسنین کی جگہ محمد عامر کو شامل کیا ہے۔ یوں پاکستان کی ٹیم آج کپتان سرفراز احمد، آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم جونی بئرسٹو، جمیز وِنس، جو رُوٹس، ایئن مورگن (کپتان)، بین سٹوکس،جو بٹلر، جو ڈینلی، کرس ووکس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور لیئم پنکٹ پر مشتمل تھی۔

میچ مقامی وقت کے مطابق میچ دن ایک بجے شروع ہونا تھا لیکن بارش کی وجہ سے اس میں تاخیر ہو گئی۔ اگرچہ صبح سے جاری بارش دن بارہ بجے کے قریب تھم گئی، تاہم گراؤنٹ گیلی ہونے کی وجہ سے کھیل مقررہ وقت پر شروع نہیں ہو سکا۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے اس دورے کا واحد ٹی ٹونٹی میچ اتوار کو کارڈف کے مقام پر کھیلا گیا تھا جو انگلینڈ نے سات وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے۔ تین وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ نے کپتان ایون مورگن کی بہترین اننگز کی مدد سے میچ کے آخری اوور میں یہ ہدف پورا کر لیا تھا۔