وائرس کی تشخیص کے بعد شاداب خان دورۂ انگلینڈ سے باہر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان کے خون میں ہیپیٹائٹس کے وائرس کی تشخیص کے بعد انھیں انگلینڈ کے دورے سے خارج کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے اتوار کو نیشنل سٹیڈیم میں صحافیوں کو بتایا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے خون کے ٹیسٹ کروائے گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق شاداب خان کے خون کے نمونے میں ہیپاٹائیٹس کا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد ڈاکٹرز نے انھیں چار ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق انضمام الحق کا کہنا ہے کہ شاداب خان دورۂ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد وہ ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاداب خان کی جگہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے!
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شاداب خان کو ٹرمپ کارڈ قرار دیا تھا۔
پاکستان ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی میں فتح جیسی حالیہ کامیابیوں کے پیشِ نظر پچھلے کچھ عرصے سے شاداب خان کا شمار پاکستانی ٹیم کے اہم ارکان میں ہوتا ہے۔ شاداب خان کا کرکٹ ٹیم سے باہر ہونا پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا خیال کیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی کرکٹ ٹیم 22 اپریل کی شب انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ کینٹ، نارتھمپٹن شائر اور لیسٹر شائر کے خلاف وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف 5 مئی کو کارڈف میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز8 سے 19 مئی تک کھیلی جائے گی۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم دو وارم اپ میچز بھی کھیلے گی جو 24 مئی کو افغانستان کے خلاف برسٹل اور 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کارڈف میں ہوں گے۔
پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ میں پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ بریج ناٹنگھیم میں کھیلا جائے گا۔










