شارجہ: ایرون فنچ کی سینچری، آسٹریلیا کی فتح

ایرون فنچ

متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا جو آسٹریلیا نے 49 اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تھا۔ 63 رن کے مجموعی سکور پر عثمان خواجہ آؤٹ ہو گئے تھے۔ عثمان خواجہ نے 24 رن بنائے۔

اس کے بعد ایرون فنچ اور شان مارش نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس دوران فنچ نے سینچری بھی مکمل کی۔ آسٹریلیا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے فنچ تھے جو 116 بنا کر آؤٹ ہوئے جن میں آٹھ چوکے اور چار چکھے شامل تھے۔

اب سے کچھ دیر پہلے تک آسٹریلیا نے 42 اووروں میں دو وکٹوں کے نقصان پر 235 رن بنائے تھے۔

پاکستان نے اپنے مقررہ 50 اوورز میں 280 رنز بنائے اور ان کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے شاندار سنچری بنائی اور 101 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

دنیا کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ورلڈ کپ 2019 صرف دو ماہ کی دوری پر ہے جس کے باعث اس سیریز نے بہت اہمیت اختیار کرلی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیوں کے منتظمین اس سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا قریب سے معائنہ کریں گے تاکہ اپنے ورلڈ کپ سکواڈ کو حتمی شکل دی جاسکے۔

عمر اکمل

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے 101 رنز بنائے اور سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ عماد وسیم نے 13 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی اور پاکستان کا سکور 280 تک پہنچانے میں قلیدی کردار ادا کیا۔

امام الحق آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 17 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 40 رنز بنائے مگر اپنے پہلے ایک روزہ میچ میں نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے اور نیتھن کولٹر نائل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

عمر اکمل نے 49 رنز کی شاندار اننگ کھیلی مگر غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر نیتھن کولٹر نائل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک گلین میکسویل کی گیند پر 11 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ فہیم اشرف نے 27 گیندوں پر 29 رنز بنائے اور انھیں گلین میکسویل نے آؤٹ کیا۔

ان دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی طرز کی سیریز اکتوبر میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے فتح حاصل کی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 3-0 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

دونوں کرکٹ بورڈ نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ ون ڈے سیریز کا انعقاد مارچ میں کیا جائے تاکہ دونوں ٹیموں کو ورلڈ کپ کی بھرپور تیاری کرنے کا موقع مل سکے۔

شان مسعود

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشنشان مسعود اور محمد عباس اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں

اس سیریز کی خصوصی بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور قیادت کی ذمہ داری ان میچوں کے لیے شعیب ملک کو سونپ دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سرفراز احمد کے علاوہ دیگر پانچ کھلاڑیوں فخرزمان، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ون ڈے ٹیم میں جو کھلاڑی پہلی بار منتخب کیے گئے ہیں ان میں محمد عباس، عابد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

یاد رہے کہ شعیب ملک نے دورہ جنوبی افریقہ میں سرفراز احمد پر عائد کی گئی پابندی کے بعد دو ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں قیادت کی ذمہ داری نبھائی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی گذشتہ ون ڈے سیریز میں حیران کن طور پر انڈیا کو 3-2 سے شکست دے دی جس کی توقع کرکٹ ماہرین کو نہیں تھی خصوصاً جب آسٹریلیا کو سیریز کے پہلے دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سیریز میں ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ کو شامل نہیں کیا گیا حالانکہ دونوں کھلاڑیوں پر لگی پابندی کی مدت سیریز کے تیسرے میچ میں ختم ہوجائے گی۔

مزید پڑھیے

پاکستان

،تصویر کا ذریعہPCB

آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز متحدہ عرب امارات میں 22 سے 31 مارچ تک کھیلی جائے گی۔

پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیم کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ،پیٹر ہینڈس کومب، شان مارش، مارکس اسٹونس، گلین میکسویل، جے رچرڈسن، نیتھن لائن، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل پر مشتمل ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے جب کہ قومی ٹیم میں امام الحق، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عباس اور یاسر شاہ شامل ہیں۔