پاکستان، آسٹریلیا سیریز: سمتھ اور وارنر پاکستان کے خلاف آسٹریلوی سکواڈ میں شامل نہیں ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مارچ میں پاکستان کے ساتھ ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو آسٹریلوی سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
یہ دونوں کھلاڑی اس سیریز کے آخری دو میچ کھیلنے کے لیے اہل ہیں کیونکہ بال ٹمپرنگ کے الزام میں ان پر لگائی جانے والی ایک سالہ پابندی 28 مارچ کو مکمل ہو رہی ہے۔
اس سال ہونے والی کہنی کی سرجری کے بعد دونوں بلے باز اب مکمل صحت یابی کے قریب ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
آسٹریلوی سلیکٹر ٹریور ہونس کہتے ہیں 'ان کی واپسی کا بہترین راستہ انڈین پریمئیر لیگ کھیلنے سے جڑا ہے۔'
آئی پی ایل ٹی ٹوئنٹی اس ماہ 23 تاریخ کو شروع ہو رہی ہے۔ سمتھ راجھستان رائلز جبکہ وارنر حیدر آباد سن رائزرز کی ٹیموں کا حصہ ہوں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹریور ہونس کا کہنا تھا کہ 'کرکٹ آسٹریلیا سٹیو، ڈیوڈ اور آئی پی ایل میں ان کے کلبوں سے رابطے میں رہ کر ان کی کارکردگی پر نظر رکھے گی کیونکہ ہم آئی سی سی ورلڈ کپ اور ایشز کی تیاری کر رہے ہیں۔'
ہونس نے مذید بتایا کہ سمتھ اور وارنر کو پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر رکھنے کا فیصلہ آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
ان دونوں کھلاڑیوں کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی شاید اب 25 مئی سے برطانیہ کے خلاف کھیلی جانے والی عالمی کپ کی وارم اپ میچ میں ہو سکتی ہے۔
یکم جون کو افغانستان کے خلاف میچ کھیل کر آسٹریلیا اپنی عالمی کپ کی تیاریوں کی شروعات کرے گا۔ تاہم اس سے پہلے آسٹریلیا سری لنکا کے ساتھ بھی ایک وارم اپ میچ کھیلے گا۔
برطانیہ میں ہونے والی ایشز سیریز یکم اگست سے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے ساتھ ایجبیسٹن میں یکم اگست سے شروع ہو گی۔









