پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 126 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

ملتان سلطانز کے علی شفیق مین آف دی میچ ایوارڈ کے حق دار قرار پائے۔ انھوں نے چار اوورز میں 11 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے ۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی 51 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ فہیم اشرف اور سمت پٹیل نے 20، 20 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی، علی شفیق اور جنید خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز جانسن چارلز اور شان مسعود نے کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شعیب ملک 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ شان مسعود نے 26، اور شاہد آفریدی اور آندرے رسل نے 16، 16 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وقاص مقصود اور محمد سمیع نے ایک، ایک وکٹ لی۔

پی ایس ایل میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا تین بار آمنا سامنا ہوچکا ہے فتح دو بار اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایک بار ملتان سلطانز کے نام رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان محمد سمیع سمیت لیوک رونکی، رضوان حسین، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، سمت پٹیل، وقاص مقصود اور فلپ سالٹ شامل تھے۔

جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان شعیب ملک سمیت شان مسعود، جانسن چارلز، لوری ایونز، آندرے رسل، شاہد آفریدی، حماد اعظم، کرس گرین، جنید خان، محمد عرفان اور علی شفیق شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کا کہنا تھا کے ان کی ٹیم زیادہ رنز نہ بنا پائی جو ہار کی وجہ بنی۔ ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کے بہتر باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بدولت ان کی ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی۔

گذشتہ روز دو میچ ہوئے تھے۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات رنز سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔