پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چھ وکٹوں سے فتح

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔ انھیں 156 رنز کا ہدف ملا تھا۔

عمر اکمل 75 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم احمد شہزاد پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی سکور بنائے حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسرا نقصان اس وقت ہوا جب شین واٹسن 19 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ریلی روسو تھے جو 19 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سرفراز احمد تھے جو 37 رنز پر ریاض کی گیند پہ سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے دو جبکہ عمید آصف اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 13 رنز بنائے۔

پی ایس ایل کے بارے میں مزید پڑھیے

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 49 جبکہ مصباح الحق نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے دو، محمد عرفان اور غلام مدثر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین اب تک دس میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پانچ پشاور زلمی نے جیتے، چار میں کوئٹہ فاتح رہی جبکہ ایک میچ بے نیتجہ رہا۔

دونوں ٹیمیں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے پہلے کوالیفائنگ فائنل میں سامنے آئیں تھیں۔

28 فروری، سنہ 2017 کو شارجہ میں کھیلے جانے والے پہلے کوالیفائنگ فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رنز سے ہرایا تھا۔

اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا سکی۔

جمعے کو دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات رنز سے شکست دی تھی۔

اس سے قبل جمعرات کو دبئی ہی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے لاہور قلندرز کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔