پاکستان سپر لیگ: مونچھوں کے تاؤ سے لہو گرماتا ہوں: محمد زمان خان

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
کرکٹ کے میدانوں کی رونق کھلاڑیوں سے سجتی ہے لیکن بات اسی وقت مکمل ہوتی ہے جب میدان کے کونے کونے سے شائقین کے نعرے سیٹیاں اور دلچسپ فقرے بلند ہو رہے ہوں۔
انھی شائقین میں کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنے مخصوص لباس اور حرکات و سکنات کی وجہ سے سب سے منفرد دکھائی دے رہے ہوتے ہیں جیسے چاچا ٹی ٹوئنٹی۔
چاچا ٹی ٹوئنٹی کا اصل نام محمد زمان خان ہے لیکن کرکٹ کی دنیا میں وہ چاچا ٹی ٹوئنٹی کے نام سے مشہور ہیں۔
چاچا ٹی ٹوئنٹی نے کرکٹ کے میدانوں میں خود کو منفرد انداز میں پیش کرنے کے لیے ایک انوکھا روپ اپنا رکھا ہے جس میں انھوں نے پاکستانی پرچم کے چاند تارے والا سبز کُرتا، سفید رنگ کی پگڑی اور چاند تارے والی عینک پہن رکھی ہوتی ہے۔
پی ایس ایل کے بارے میں مزید پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

چاچا ٹی ٹوئنٹی جب میچ کے دوران اپنی بھاری بھر کم آواز کے ساتھ نعرے بلند کرتے ہیں تو ایک عجب سماں بندھ جاتا ہے ۔خاص کر جب نعرہ ختم کرکے وہ ہونٹوں کو پھڑپھڑاتے ہیں۔ سب کی توجہ اُس وقت ان کی گھنی مونچھوں پر ہوتی ہے جسے وہ بڑے فخر سے تاؤ دیتے ہیں۔
چاچا ٹی ٹوئنٹی کہتے ہیں کہ کرکٹ سے ان کا جنون دراصل پاکستان سے محبت ہے۔ وہ کسی کی مدد کے بغیر اپنے محدود وسائل کے ساتھ 36 سال سے کرکٹ کے میدانوں میں آ رہے ہیں۔ نوجوان نسل کو ایک جوان چاچا ٹی ٹوئنٹی چاہیے تھا جو مونچھوں کے تاؤ کے ساتھ کھلاڑیوں کا لہو گرما دے۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں نے انھیں بہت محبت اور پیار دیا ہے اور وہ جہاں بھی جاتے ہیں لوگ ان سے بہت پیار سے ملتے ہیں تو ان کا حوصلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔

چاچا ٹی ٹوئنٹی نے پہلے اکیلے میدان میں آ کر کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا لیکن اب انھوں نے چند ساتھی پرستاروں کی ایک فورس بھی تیار کرلی ہے جو انھی جیسا سبز لباس پہنے بھرپور جوش وخروش کے ساتھ میدان میں موجود ہوتی ہے۔
چاچا ٹی ٹوئنٹی کہتے ہیں کہ ان سے کئی لوگوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ان کی فورس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ گوجرانوالہ کی ایک بچی تقوی احمد جو چل نہیں سکتی اس نے بھی ان کی فورس میں شمولیت اختیار کی ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کی حمایت کر رہی ہے۔









