’ہم جنس پرستوں کی تضحیک`، شینن گیبریئل پر چار میچوں کی پابندی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر شینن گیبریئل پر چار میچ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق اب شینن انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پانچ میں سے چار میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن امپائرز نے گیبریئل کو ان کے کہے ہوئے الفاظ پر خبردار کیا تھا۔
سکائی سپورٹس کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روٹ، گیبریئل کو جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ 'اس کو تضحیک کے لیے مت استعمال کرو، ہم جنس پرست ہونے میں کوئی غلط بات نہیں۔'
یہ بھی پڑھیے
30 سالہ گیبرئیل پر آئی سی سی کے ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان پر آرٹیکل 2.13 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی جس میں کھلاڑیوں کو، کھلاڑیوں کی مدد کرنے والے افراد کو، امپائر یا میچ ریفری کو بین الاقوامی میچ کے دوران گالی دینے کے متعلق بات کی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہShaun Botterill
گیبرئیل نے کہا کیا تھا یہ ویڈیو میں نہیں سنا جا سکتا اور جو روٹ نے بھی پیر کو کھیل کے بعد اس کی وضاحت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
منگل کو انگلینڈ کی 232 رنز سے فتح کے بعد انھوں نے اس واقعے کے بارے میں یہ کہا کہ 'میں نے بس وہ کیا جو مجھے ٹھیک لگا۔'
انھوں نے کہا کہ 'آئی سی سی کو حالات قابو میں کرنا ہوں گے میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ اس متعلق کوئی بات کروں لیکن پوری سیریز میں دونوں ٹیموں کے تعلقات ٹھیک رہے ہیں۔‘
'وہ اچھے لڑکے ہیں یہ بہت شرمندگی کی بات ہوگی اگر اس کی وجہ سے ان پر داغ لگ جائے۔'
'ایک کھلاڑی ہونے کی وجہ سے آپ پر کچھ ذمہ داریاں ہوتی ہیں جو آپ نے میدان میں پوری کرنی ہوتی ہیں اور میں نے جو کیا میں اس پر قائم ہوں۔‘
گیبرئیل اور روٹ کے درمیان الفاظ کا تبادلہ پیر کو اس وقت ہوا جب انگلینڈ کے کپتان نے سینچری بنا کر اپنی ٹیم کو جیتنے کی پوزیشن پر پہنچا دیا۔
مہمان ٹیم نے چار دن میں جیت حاصل کی لیکن شروع کے دو ٹیسٹ میں شکست کی وجہ سے وہ سیریز ہار گئے ہیں۔









