آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، محمد عامر ڈراپ، اضافی وکٹ کیپر شامل
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے سترہ رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
مزید پڑھیئے
یاد رہے کہ محمد عامر پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد سے پاکستانی ٹیم کا تینوں فارمیٹس میں مستقل حصہ رہے ہیں تاہم گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف تین وکٹوں کے شاندار سپیل کے بعد سے ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور وہ آخری دس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں صرف تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں جبکہ آخری پانچ ون ڈے میچوں میں انہیں کوئی بھی وکٹ نہیں مل سکی ہے۔
محمد عامر اس سال آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے میں بھی ٹیم میں شامل تھے لیکن ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں وہ انگلینڈ کی واحد اننگز میں 72 رنز دے کر صرف دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے تھے۔
سلیکٹرز نے ٹیسٹ سکواڈ میں فخرزمان کو تیسرے اوپنرکے طور پر برقرار رکھا ہے جو ایشیا کپ میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔
کپتان سرفرازاحمد کے ساتھ ساتھ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر محمد رضوان کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر وہاب ریاض کی بھی واپسی ہوئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آف اسپنر بلال آصف کو بھی سلیکٹرز نے سکواڈ میں جگہ دی ہے وہ گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ٹیم میں شامل تھے لیکن کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلے۔ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی وہی ہیں جو انگلینڈ کے دورے میں شامل تھے۔
سترہ رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد (کپتان)، اظہرعلی، امام الحق، فخرزمان، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، شاداب خان، بلال آصف، محمد عباس، وہاب ریاض، حسن علی، فہیم اشرف، میر حمزہ اور محمد رضوان۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ سات اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ سولہ اکتوبر سے ابوظہبی میں ہوگا۔