حارث سہیل کی دورۂ زمبابوے ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین حارث سہیل بیٹی کی بیماری کی وجہ سے زمبابوے کا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آرہے ہیں۔
حارث سہیل نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ سے درخواست کی تھی کہ انھیں بیٹی کی بیماری کی وجہ سے وطن واپس جانے کی اجازت دی جائے جو منظور کرلی گئی ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ نے حارث سہیل کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو زمبابوے بھیجنے کی درخواست نہیں کی ہے۔
پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ خبر دی گئی ہے کہ 'ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر پی سی بی نے حارث سہیل کو گھر واپسی کی اجازت دے دی ہے۔'
جبکہ ٹوئٹر پر ہی بہت سے دوسرے صارفین نے حارث سہیل کی بیٹی کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم اس وقت زمبابوے میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں مصروف ہے جس کا تیسرا میچ بدھ کے روز بلاوائیو میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم سیریز کے پہلے دو میچز جیت چکی ہے۔
حارث سہیل ان دونوں میچز میں نہیں کھیلے تھے البتہ وہ اسی دورے میں کھیلی گئی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو میچز کھیلے تھے لیکن زمبابوے کے خلاف وہ 16 اور آسٹریلیا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی











