ورلڈ کپ 2018: کولمبیا کے خلاف ڈرامائی کامیابی کے بعد انگلینڈ کی کوارٹر فائنل میں رسائی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انگلینڈ نے ورلڈ کپ میں پہلی بار پینلٹی شوٹ آّؤٹ میں ڈرامائی کامیابی حاصل کر کے 12 سال بعد فٹبال کے عالمی مقابلے کے کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کر لی ہے۔
لاطینی امریکی ٹیم کولمبیا کے خلاف ماسکو کے سپارٹاک سٹیڈیم میں کھیلنے جانے والے دوسرے راؤنڈ کے آخری میچ میں کولمبیا کے کھلاڑی کارلوس باکا کی پینلٹی انگلینڈ کے گول کیپر جارڈن پکفورڈ نے روک لی جس کے بعد ایرک ڈائر نے آخری پینلٹی سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔
اس جیت کے نتیجے میں انگلینڈ اب ہفتے کو سویڈن کے خلاف سمارا میں کوارٹر فائنل کھیلے گا۔
ورلڈ کپ کے مقابلوں کے بارے میں مزید پڑھیے
پینلٹی شوٹ آؤٹ کے ڈرامے سے قبل ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کے مینیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ کی ٹیم کسی طرح سے ایک ایسے میچ میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی جس میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ رویہ اختیار کیا اور یکے بعد دیگرے ایک دوسرے کے خلاف فاؤل کیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے دوسرے ہاف کے آغاز کے 12 منٹ بعد اس ورلڈ کپ میں اپنا چھٹا گول سکور کیا لیکن کولمبیا کے یری منا نے میچ کے آخری لمحات میں کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا جس کے بعد اضافی وقت کے کھیل میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔
اس موقعے پر لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کا ماضی میں پینلٹی شوٹ آؤٹ میں نہایت خراب ریکارڈ ایک بار پھر آڑے آئے گا۔ یاد رہے کہ بڑے ٹورنامنٹس میں آج تک انگلینڈ نے کولمبیا کے میچ سے قبل سات بار پینلٹی شوٹ آؤٹ کا سامنا کیا تھا جن میں سے چھ میں انھیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جب پینلٹی شوٹ آؤٹ کا آغاز ہوا تو ایک بار پھر بے یقینی کی کیفیت انگلینڈ پر طاری ہو گئی جب ان کے کھلاڑی جارڈن ہینڈرسن نے اپنی کک ضائع کر دی جسے کولمبیا کے کیپر اوسپینا نے شاندار انداز میں روک لیا۔
لیکن اس کے بعد کولمبیا کے ماٹیوس اوریب نے اپنی کک ضائع کر دی، جس سے انگلینڈ کو واپس آنے کا موقع مل گیا۔
اس جیت کے بعد اب انگلینڈ کے لیے فائنل کی راہ میں کوئی سابق عالمی چیمپیئن موجود نہیں ہے۔ انگلینڈ اگر سویڈن کے خلاف کوارٹر فائنل میں جیت حاصل کر لیتا ہے تو اس کا مقابلہ کروشیا یا میزبان ملک روس کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔









