ورلڈ کپ 2018: دفاعی چیمپیئن جرمنی ورلڈ کپ سے باہر، برازیل ناک آؤٹ مرحلے میں

جرمن مداح

،تصویر کا ذریعہJOHN MACDOUGALL

روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے پہلے ہی مرحلے میں دفاعی چیمپیئن جرمنی ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے جبکہ برازیل نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

بدھ کو کھیے گئے گروپ ایف کے میچ میں جنوبی کوریا نے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو ایک دلچسپ مقابلے بعد صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا۔

جرمنی کو اس سے قبل میکسیکو کے خلاف میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے لیے ورلڈ کپ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے جنوبی کوریا کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری تھا۔

تاہم 2014 میں ورلڈ کپ جیتنے والی جرمن ٹیم کا مسلسل دو مرتبہ ورلڈ چیمپیئن رہنے کا خواب بکھر گیا۔

دوسری جانب گروپ ای سے برازیل نے اپنے آخری گروپ میچ میں سربیا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔

ریفری

،تصویر کا ذریعہAnadolu Agency

جرمنی اورتین منٹ

دفاعی چیمپیئن جرمنی اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ مقررہ 90 منٹ تک برابر تھا لیکن اگلے تین منٹ بعد جنوبی کوریا نے گول کر دیا۔

کِم یانگ گوان نے گول کیا تو ریفری نے پہلے تو اسے آف سائیڈ قرار دیا لیکن بعد میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے اسے گول قرار دے دیا گیا۔

پھر مزید تین منٹ گزرنے پر جرمن گول کیپر مینوئل نوئر جنوبی کوریا کے ہاف تک پہنچ گئے تاکہ میچ برابر کرنے میں اپنی ٹیم کی مدد کر سکیں لیکن جنوبی کوریا نے بال حاصل کر لیا اور اپنے فارورڈ سان ہیونگ مِن کو بال پاس کر دیا جو تیزی سے جرمن گول کی طرف بھاگے اور دوسرا گول کر دیا۔

اس میچ کے نتیجے نے سب کو حیران کر کے رکھ دیا ہے۔

جنوبی کوریا اگلے مرحلے کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکا تھا اور جرمنی کے خلاف اس ڈرامائی فتح کا اسے کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا۔ البتہ ’ہم تو ڈوبے ہیں صنم تمھیں بھی لے ڈوبیں گے‘ کی مصداق وہ جرمنی کو لے ڈوبا۔

گروپ ایف سے ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی دو ٹیمیں سویڈن اور میکسیکو ہیں جبکہ گول کے فرق کی وجہ سے جرمنی گروپ میں آخر نمبر پر آیا ہے۔

برازیل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ناقابل شکست برازیل

برازیل نے اپنے ابتدائی تین گروپ میچوں میں سے دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ اس کا ایک میچ برابر رہا ہے۔ اس برازیل اب تک اس ورلڈ میں ناقابل شکست رہی ہے۔

سربیا کے خلاف اس میچ میں برازیل کی جانب سے ٹیاگو سلوا اور پاؤلینہو نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا جبکہ سربیا ایک بھی گول نے کر سکا۔

اسی گروپ سے سوئٹزر لینڈ نے اپنے دو میچوں کا اختتام برابری پر اور ایک جیت کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

برازیل نے اپنے آخری گروپ میچ میں سربیا کو دو گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا جہاں اب اس کا مقابلہ گروپ میچوں میں جرمنی کو شکست دینے والی میکسیکو کی ٹیم سے ہوگا۔