سیمونا ہالپ نے مسلسل فائنلز ہارنے کے بعد زندگی کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل جیت لیا

عالمی نمبر ایک سیمونا ہالپ نے فرینچ اوپن ٹینس چیمپیئن شپ کے خواتین کے فائنل میں امریکہ کی سلون سٹیفن کو شکست دے کر اپنے کریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل جیت لیا ہے۔

سنیچر کو پیرس میں کھیلے جانے والے فائنل میں سیمونا ہالپ نے اپنی حریف کھلاڑی کو تین چھ، چھ چار اور چھ ایک سے شکست دی۔

سیمونا ہالپ کے لیے یہ فائنل اس وجہ سے بھی اہم تھا کیونکہ اس سے پہلے وہ تین بڑے ٹورنامنٹس کے فائنل میں شکست کا سامنا کر چکی تھیں۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

فائنل کے پہلے سیٹ میں خسارے کے بعد سیمونا ہالپ دوبارہ گیم میں آئیں اور یو ایس اوپن کی فاتح سلون سٹیفن کو اگلے دو سیٹ جیت کر شکست دے دی۔

اپنے کریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتنے پر رومانیہ سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ سیمونا ہالپ نے کہا کہ’میں نے وہ سب کچھ کیا جو میں کر سکتی تھی۔ جو ہوا وہ حیران کن ہے اور اس موقعے کا میں اس وقت سے انتظار کر رہی تھی جب سے میں نے ٹینس کھیلنا شروع کیا تھا۔‘

اس سے پہلے انھیں فرینچ اوپن کے گذشتہ دو فائنلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ رواں برس وہ آسٹریلین اوپن کا فائنل بھی ہار گئی تھیں۔