39 سال بعد برطانوی خاتون ومبلڈن کے سیمی فائنل میں

برطانیہ کی جوہانا کونٹا رومانیہ کی سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر سنہ 1978 کے بعد ومبلڈن اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی برطانوی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی ورجینیا ویڈ نے 40 برس پہلے سنہ 1977 میں ومبلڈن کے فائنل میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر براجمان جوہانا کونٹا نے منگل کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں سیمونا ہیلپ کو 6-7، 2-7، 7-6، 7-5، اور 6-4 کے فرق سے شکست دی۔

برطانوی ٹینس سٹار کا دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہنے والے اس مقابلے کو جیتنے کے بعد کہنا تھا 'مجھے ہمیشہ سے ہی اپنی قابلیت پر بھروسہ تھا اور میں نے ہمیشہ ہی بڑے خواب دیکھے ہیں۔'

برطانیہ کی سابق چیمپیئن 72 سالہ ورجینیا ویڈ نے جوہانا کونٹا کا مقابلے دیکھنے کے لیے ومبلڈن کے میدان میں موجود تھیں۔

انھوں نے جوہانا کونٹا کی شاندار فتح کے بعد کہا 'میں جوہانا کونٹا کے لیے بہت خوش ہیں، مجھے پتہ ہے کہ میچ کے دوران کتنا دباؤ ہوتا ہے؟'

ومبلڈن اوپن کے سیمی فائنل میں جوہانا کونٹا کا مقابلہ امریکہ کی وینس ولیمز سے جمعرات کو ہو گا۔

جوہانا کونٹا وینس ویلیم کے خلاف کھیلے جانے والے گذشتہ پانچ مقابلوں میں سے تین بار فاتح رہی ہیں۔

اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وینس ولیمز ایک زبردست چیمپیئن ہیں اور مجھے ان کے ساتھ کورٹ شیئر کرنے پر فخر ہے۔