لیسٹرشائر کاؤنٹی کے خلاف میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع

انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل پاکستان اور لیسٹرشائر کاؤنٹی کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔

پاکستان نے لیسٹرشائر کاؤنٹی کے خلاف دو روزہ میچ میںنو وکٹوں کے نقصان پر321 رنز بنائے جس کے جواب میں لیسٹر کی ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا سکی۔

ہاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دونوں اوپنروں، اظہر علی اور فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب فخرزمان 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سمیع اسلم کھیلنے کے لیے آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹہر سکے اور صرف آٹھ رنز کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی جب 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کا سکور 176 رنز ہو چکا تھا۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستانی وکٹیں گرتی رہیں اور نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔ کھیل کے اختتام پر عثمان صلاح الدین 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عباس تھے۔

پاکستان نے اس میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی جو آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں زیادہ عمدہ کا کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے تھے، انھوں نے اس میچ میں محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے کارآمد بیٹنگ پریکٹس حاصل کی۔

پاکستان انگلینڈ کے خلاف چوبیس مئی سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کر رہا ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ لارڈز کے میدان میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹسیٹ میچ پہلی جون سے لیڈز کے مشہور کرکٹ ہیڈنگلے میں شروع ہو گا۔

مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو دو سے برابری پر کھیلی تھی۔

اظہر علی اور فخر زمان نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا ہے۔ پاکستان نے نوجوان بیٹسمین سمیع اسلم کو ون ڈاؤن پوزیشن پر پر کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سمیع اسلم نے دو برس پہلے انگلینڈ میں ہونے والی سیریز میں بطور اوپنر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اس کے بعد وہ ٹیم اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔

نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین اور سعد علی بھی اس میچ میں کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم: اظہر علی، فخر زمان، سمیع اسلم، عثمان صلاح الدین، سرفراز احمد، سعد علی، شاداب خان فہیم اشرف، حسن علی، محمد عباس اور راحت علی۔

لیسٹرشائر کاونٹی ٹیم: ہیری ڈیئرڈن، سیم ایونز، عادل علی، لیوس ہل (کپتان) ٹام ویلز، عتیق جاوید، ہیری سوینڈلز، بین مائیک، ٹام ٹیلر، ڈائیٹرکلین، رچرڈ جونز۔