آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کوہلی کا بطور کپتان سب سے زیادہ ڈبل سنچریوں کا نیا ریکارڈ
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے دہلی ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف اپنی چٹھی ڈبل سنچری بنا کر بطور کپتان سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
اتوار کو سری لنکا کے خلاف دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری مکمل کر کے انھوں نے ایک کپتان کے طور پر سب سے زیادہ پانچ ڈبل سنچری سکور کرنے کا برائن لارا کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اس اننگز میں انھوں نے 243 رنز بنائے جو ان کے ٹیسٹ کریئر کا بہترین سکور بھی ہے۔ کوہلی نے سال2017 میں اپنے ایک ہزار ٹیسٹ رنز بھی مکمل کر لیے اور بطور انڈین کپتان ایک اننگز میں سب سے زیادہ سکوربنانے کا اعزاز بھی ان کے نام ہے۔
اس سے قبل سنیچر کو سنچری بنا کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تینوں میچ میں سنچری بنانے والے وہ پہلے کپتان بن گئے ہیں۔
انھوں نے گذشتہ پونے دو سال میں یہ تمام ڈبل سنچریاں سکور کی ہیں۔
اس سے ایک ہفتہ قبل ناگپور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انھوں نے 213 رنز بنائے تھے۔ دہلی میں ڈبل سنچری بنانے کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں لگاتار دو ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ان سے قبل انگلینڈ کے والی ہیمنڈ نے (دو بار)، آسٹریلیا کے سر ڈونلڈ بریڈمین، انڈیا کے ونود کامبلی، سری لنکا کے کمارا سنگاکارا اور آسٹریلیا کے مائیکل کلارک یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ جاوید میانداد، یونس خان، سچن تندولکر، ویریندر سہواگ، رکی پونٹنگ اور مارون اتاپتو کے ساتھ چھ ڈبل سنچریاں بنا کر مشترکہ چھٹی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ اب مہیلا جے وردنے (سات)، والی ہیمنڈ (سات)، برائن لارا (نو)، کمارا سنگاکارا (11) اور سر ڈان بریڈمین (12) کوہلی سے آگے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
مجموعی طور پر 63 ٹیسٹ میچوں میں ان کی 20 ویں سنچری ہے۔ رواں میچ میں انھوں نے اپنے پانچ ہزار رنز بھی مکمل کیے اور سب سے کم اننگز میں پانچ ہزار رنز بنانے والے انڈین بیٹسمین کی فہرست میں سنیل گاوسکر، وریندر سہواگ، اور سچن تندولکر کے بعد چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
اس کے علاوہ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں ایک سال میں سب سے زیادہ 12 سنچری بنانے والے تندولکر سے وہ صرف ایک سنچری پیچھے ہیں۔