افغانستان نے پاکستان کو ہرا کر انڈر 19 ایشیا کپ جیت لیا

،تصویر کا ذریعہAsian Cricket Council
افغانستان انڈر 19 کی ٹیم نے ملایئشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کھیلنے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو 186 رنز سے شکست دے کر شاندار فتح حاصل کر لی ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں افغانستان نے پاکستان کو دوسری بار ہرایا ہے۔
اپنا دوسرا انڈر 19 ایشیا کپ کھیلنے والی افغانستان کی ٹیم کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو افغانستان نے پر اعتماد آغاز کیا جس کے بعد رحمان گل اور ابراہیم زادران نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد اکرام فیضی وکٹ پر آئے اور انھوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 107 رنز بنائے جس کی مدد سے افغانستان نے اپنی اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا کر ختم کی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو اور محمد موسیٰ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں جب پاکستانی بلے باز کریز پر آئے تو وہ افغانستان کے آف سپنر مجیب زادران کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ایک بار پھر بے بس نظر آئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مجیب نے اپنے سپیل میں سات اوورز کرائے اور صرف 13 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو شکار بنایا۔ مجیب اور تین وکٹیں حاصل کرنے والے قیس احمد کی بولنگ کی وجہ سے پاکستان کی پوری ٹیم 22.1 اوورز میں 63 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے لیگ میچ میں بھی پاکستان کو افغانستان کے خلاف شکست فاش ہوئی تھی جب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم 57 بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس میچ میں بھی مجیب زادران نے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ 16 سالہ مجیب زادران نے سیمی فائنل میں نیپال کے خلاف بھی چھ وکٹیں حاصل کی تھیں اور انھیں سیمی فائنل اور فائنل دونوں میں میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔







