فیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ کرسٹیانو رونالڈو کے نام

پرتگال اور ریال میڈرڈ کے لیے کھیلنے والے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو لندن میں منعقدہ فیفا ایوارڈز میں رواں سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

ریال میڈرڈ کے کوچ اور فرانس کے سابق فٹبالر زین الدین زیدان کو مردوں کی ٹیم کے بہترین کوچ کا اعزاز دیا گيا ہے۔

رونالڈو نے بارسلونا کی جانب سے کھیلنے والے ارجنٹینا کے کھلاڑی لیونل میسی اور پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلنے والے برازیل کے کھلاڑی نیمار کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

32 سالہ فٹبالر رونالڈو نے اپنی ٹیم ریال میڈرڈ کو سنہ 2016-17 میں چیمپیئنز لیگ لا لیگا جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔

بارسلونا کے لیے کھیلنے والی نیدرلینڈز کی فٹبالر لیکے مارٹنز کو سال کی بہترین خاتون فٹبالرکے اعزاز سے نوازا گیا۔

آرسنل کے اولیويئر کو سال کا بہترین گول کرنے کا انعام دیا گیا جو انھوں نے جنوری میں کرسٹل پیلس کے خلاف گول کیا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی رونالڈو کے لیے بہت اچھا رہا۔ انھوں نے گذشتہ سال یورو 2016 میں پرتگال کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔

انھوں رواں سال چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں جووینٹس کے خلاف چار میں سے دو گول کیے جبکہ اپنے کلب کی جانب سے 29 میچوں میں انھوں نے 25 گول کیے اور گذشتہ پانچ سال میں پہلی بار اپنی ٹیم کو لا لیگا میں فتح سے ہمکنار کیا۔

انھوں نے لندن پلاڈیم میں اعزاز قبول کرتے ہوئے کہا: 'ہم انگلینڈ میں پہلی بار آئے اور ہم لگاتار دوسری بارفتحیاب ہوئے ہیں۔ یہ میرے لیے عظیم لمحہ ہے۔'

کرسٹیانو رونالڈو کو 16۔39 فیصد ووٹ ملے جبکہ میسی کو 25۔19 فیصد اور نیمار کو 97۔6 فیصد ووٹ ملے۔

نیدر لینڈ کی مارٹینز نے اپنے ملک کو یورپی چیمپیئنشپ میں کامیابی سے ہمکنار کیا تھا اور ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائی تھیں۔