آئی سی سی لیگ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی شرط

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان اسی صورت میں آئی سی سی کی ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ پر دستخط کرے گا اگر بھارت اس کے ساتھ کھیلنے کے معاہدے کی پاسداری کرے گا۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ دنوں آکلینڈ میں ہونے والے اپنے اجلاس میں ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ کی اصولی منظوری دی ہے ۔ٹیسٹ لیگ میں جو 2019 کے عالمی کپ کے بعد شروع ہوگی نو ٹیمیں حصہ لیں گی اوراس میں ہر ٹیم کو دو سال کے عرصے میں اپنے ملک اور ملک سے باہر چھ ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہونگی جبکہ ون ڈے لیگ میں تیرہ ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں ہر ٹیم کو آٹھ سیریز کھیلنی ہیں لیکن اس لیگ کے سلسلے میں سب سے اہم سوال یہی کیا جا رہا ہے کہ کیا یہ لیگ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچوں کے بغیر کھیلی جائے گی؟

نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پاکستان اسی صورت میں اس لیگ میں حصہ لینے کے لیے دستخط کرے گا جب بھارتی کرکٹ بورڈ 2014 میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی مفاہمت کی یادداشت کی پاسداری کرے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے کھیلنے سے انکار کے بعد یہ معاملہ آئی سی سی کی تنازعات سے متعلق کمیٹی میں اٹھارکھا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں باضابطہ طور پر درخواست دو یا تین ماہ میں آئی سی سی کی کمیٹی کے حوالے کردی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ضمن میں پہلے ہی قانونی مشاورت حاصل کر رکھی ہے۔