یاسر شاہ کے فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم کے اعلان میں تاخیر

یاسر شاہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنیاسر شاہ کا معاملہ ٹیم منیجمنٹ کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے جو کیمپ میں یویو ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے ہیں۔
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کے فٹنس مسائل کے سبب سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان جمعہ کے روز نہیں کیا جا سکا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کا فٹنس ٹیسٹ جمعے کے روز نہ ہوسکا جس کی وجہ سے ٹیم کا اعلان اب ہفتے کے روز کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سیریز کھیلنی ہے۔ پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ ان دنوں قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری ہے جس میں شریک تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی اظہرعلی اور یاسر شاہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔

اظہرعلی گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں لیکن ٹیم منیجمنٹ اور چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ان کی فٹنس میں بہتری آرہی ہے۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا خیال ہے کہ اظہرعلی کو ٹیم کے ساتھ رکھا جائے تاکہ وہ ٹیم کے ٹرینر اور فزیو کے ساتھ کام کرتے ہوئے خود کو مکمل فٹ کر سکیں۔

یاسر شاہ کا معاملہ ٹیم منیجمنٹ کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے جو کیمپ میں یویو ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے ہیں۔

سلیکشن کمیٹی یاسر شاہ کو ٹیم کے لیے انتہائی اہم سمجھتے ہوئے ان کے بارے میں فیصلے کے لیے آخر وقت تک انتظار کرنا چاہتی ہے۔

خیال رہے کہ یاسر شاہ کے بارے میں ماضی میں بھی مکمل فٹ نہ ہونے کی اطلاعات آتی رہی ہیں۔ وہ گذشتہ سال انگلینڈ کے دورے سے قبل ایبٹ آباد میں آرمی ٹرینرز کی نگرانی میں لگائے کیمپ میں بھی شریک نہیں ہو سکے تھے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے لگائے گئے کیمپ میں شامل 18 کھلاڑیوں میں سے احمد شہزاد اور محمد رضوان کو ڈراپ کرکے بقیہ سولہ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن اگر اظہرعلی فٹ نہ ہوئے تو پھر احمد شہزاد پر قسمت مہربان ہوسکتی ہے جو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کی چار اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہو سکے تھے۔