پاکستان سنوکر کا عالمی چیمپیئن بن گیا

پاکستان سنوکر

،تصویر کا ذریعہPakistan Billiards & Snooker Association

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کے محمد آصف اور بابر مسیح نے مصر میں ہونے والی عالمی ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں ہم وطن محمد سجاد اور اسجد اقبال کو شکست دے کر سنوکر چیمپیئن شپ جیت لی۔

خیال رہے کہ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں پاکستان سے تعلق رکھتی تھیں جس میں محمد آصف اور بابر مسیح پر مشتمل پاکستان ٹیم ٹو نے پاکستان ٹیم ون کو 4-5 کے سکور سے شکست دی۔

پاکستان ون ٹیم میں محمد سجاد اور اسجد اقبال شامل تھے۔

اس سے قبل سیمی فائنل میں پاکستان ون نے ویلز کو چار صفر سے شکست دی تھی اور پاکستان ٹو نے بھی اسی سکور سے آئرلینڈ کو ہرایا تھا۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان نے ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ جیتی ہے۔ پاکستان نے اس سے پہلے سنہ 2013 میں آئرلینڈ میں ہونے والی ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں ایران کوشکست دی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی فاتح ٹیم محمد آصف اور محمد سجاد پر مشتمل تھی۔

پاکستان سنوکر

،تصویر کا ذریعہPakistan Billiards & Snooker Association

پاکستانی کھلاڑیوں کی تقریباً ایک ماہ میں یہ تیسری بڑی کامیابی ہے۔

پاکستان کے محمد سجاد نے گذشتہ ماہ کرغزستان میں ایشین 6 ریڈ بال چیمپیئن شپ کے فائنل میں ہانگ کانگ کے لی چون وائی کو شکست دی تھی اور پھر پاکستان کے محمد نسیم اختر نے چین میں ہونے والی ورلڈ انڈر 18 سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں چین کے پی فان لی کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ سنوکر پاکستان کے ان چار کھیلوں میں شامل ہے جن میں وہ عالمی چیمپیئن بنا ہے۔

پاکستان کے سنوکر کھلاڑی محمد یوسف نے 1994 میں اور محمد آصف نے سنہ 2012 میں سنوکر کا عالمی انفرادی اعزاز جیت چکے ہیں جبکہ دو کھلاڑی صالح محمد اور محمد سجاد ورلڈ چیمپیئن شپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہے تھے۔

پاکستان کے دو کھلاڑی محمد یوسف اور حمزہ اکبر ایشین سنوکر چیمپیئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔