ویمن کرکٹ: ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ متالی راج کے نام

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کی کپتان متالی راج نے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
متالی نے انگلینڈ کی شارلیٹ ایڈورڈز کے 5992 رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
متالی نے یہ ریکارڈ اپنے 183 ویں ون ڈے میچ میں قائم کیا۔
اس ریکارڈ کے ساتھ ساتھ وہ ون ڈے کرکٹ میں 6000 رنز بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر بھی بن گئیں۔
آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف متالی نے یہ ریکارڈ چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیل کر بنایا۔
متالی راج نے اب تک 183 ون ڈے میچ میں 51.52 کی اوسط سے 6028 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران انھوں نے 5 سنچریاں اور 49 نصف سنچری بنائیں۔
متالی راجستھان کے علاقے جودھپور میں ایک تامل خاندان میں تین دسمبر 1982 کو پیدا ہوئیں۔ متالی کے والد ہندوستانی فضائیہ میں افسر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
10 سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کرنے والی متالی ٹھیک 7 سال بعد بھارتی ٹیم کے لیے منتخب کر لی گئیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
متالی نے ون ڈے کرکٹ میں اب تک پانچ سنچریاں بنائیں اور ان تمام اننگز میں وہ ناٹ آؤٹ رہی ہیں۔
1999 میں انھوں نے آئرلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 114 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ اپنے پہلے ہی ون ڈے میں سنچری بنانے والی پانچ خواتین میں سے ایک ہیں۔
اتنا ہی نہیں متالی کے نام سب سے کم عمر میں ون ڈے میں سنچری بنانے کا بھی ریکارڈ ہے۔ 16 سال 205 دن کی عمر میں متالی کا بنایا ہوا یہ ریکارڈ آج بھی قائم ہے۔
بطور بلے باز متالی کا ایک روزہ کرکٹ میں مسلسل سات نصف سنچریاں بنانے کا بھی ریکارڈ ہے۔ بطور کھلاڑی متالی راج چوتھی بار ورلڈ کپ کھیل رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
متالی کی کپتانی میں 2005 میں انڈین ویمن کرکٹ ٹیم فائنل تک پہنچی جہاں انہیں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
متالی راج نے اب تک کل 10 ٹیسٹ میچوں میں 51 کی اوسط سے 663 رنز بنائے ہیں۔ اس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا سب سے زیادہ سکور 214 رنز ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ یہ خواتین کی ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرا سب سے زیادہ انفرادی سکور کا ریکارڈ ہے۔
سال 2006 میں متالی کی ہی کپتانی میں انڈیا نے انگلینڈ کو اُسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ اسی سال متالی کی کپتانی میں انڈیا نے ایشیا کپ بھی جیتا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images









