لیژر لیگ: معروف فٹبالر رونالڈینو اور دیگر سٹار کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے

عالمی شہرت یافتہ سات فٹبالرز پاکستان کے دو شہروں میں لیژر لیگ کی جانب سے منعقد کیے گئے فٹبال میچز میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبداللہ فاروقی کے مطابق برازیل کے سٹار فٹبالر رونالڈینو اور رابرٹو کارلوس سمیت سات کھلاڑی فی الحال اسلام آباد میں ہیں جہاں وہ پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب دیے جانے والے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔

پاکستان آنے والے فٹ بالرز میں برازیل کے رونالڈینو اور رابرٹو کارلوس کے علاوہ برطانیہ کے رائن گگز، فرانس کے رابرٹ پیریز اورفرانسس نکلولس اینلکا، ہالینڈ کے جارج بواٹینگ اور انگلینڈ کے ڈیوڈ جیمز بھی اُن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو پاکستان پہنچے ہیں۔

ساتوں کھلاڑی سنیچر کی صبح دبئی سے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں۔

ظہرانے میں شرکت کے بعد تمام کھلاڑی کراچی جائیں گے جہاں عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں وہ اپنا پہلا نمائشی میچ کھیلیں گے۔ اتوار کے روز لاہور میں یہی کھلاڑی اپنا دوسرا نمائشی میچ کھیلیں گے۔

میچز سیون اے سائیڈ ہیں جن میں ایک ٹیم رونالڈینو کی ہوگی جب کہ دوسری کی قیادت رائن گگز کریں گے۔

ایک جانب فٹبال شائقین ان میچوں کے لیے کافی پرجوش نظر آتے ہیں اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی پاکستان آمد پر بھی خوش ہیں تو دوسری جانب تجزیہ کار اِن کھلاڑیوں کی پاکستان آمد اور ملک کے دو بڑے شہروں میں نمائشی میچوں کے انعقاد کو پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی آمد کی راہ میں بڑا سنگِ میل عبور کرنے سے تشبیح دے رہے ہیں۔