آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
رونالڈینو، گگز سمیت آٹھ بین الاقوامی فٹبالرز پاکستان میں
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
برازیل کے رونالڈینو اور انگلینڈ کے رائن گگز سمیت دنیا کے آٹھ انٹرنیشنل فٹبالرز دو نمائشی میچ کھیلنے جمعے کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
یہ نمائشی میچ سنیچر اور اتوار کو کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان آنے والے فٹبالرز میں رونالڈینو اور رائن گگز کے علاوہ رابرٹو کارلوس، ڈیوڈ جیمز، جارج بوٹینگ، رابرٹ پیریس لوئس با مورٹے اور نکولس اینلکا شامل ہیں۔
ان میچوں میں ایک ٹیم سات کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ ایک ٹیم کی قیادت رونالڈینو کریں گے جبکہ دوسری ٹیم رائن گگز کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
ان میچوں میں ان غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستانی فٹبالرز بھی حصہ لیں گے جن کا انتخاب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے میچوں میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آٹھ غیر ملکی فٹبالرز کے اس دورے کا اہتمام کراچی کے ایک بزنس مین محمود ٹرنک والا نے اپنی لیژر لیگ کے ذریعے کیا ہے۔
ان دو میچوں کے ضمن میں افسوس ناک بات یہ ہے کہ پاکستان میں اس وقت بین الاقوامی معیار کا ایک بھی فٹبال سٹیڈیم موجود نہیں ہے اور کراچی میں یہ نمائشی فٹبال میچ ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم کی آسٹروٹرف پر کھیلا جائے گا جبکہ لاہور میں یہ میچ فورٹریس سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ان میچوں میں سکیورٹی کی تمام تر ذمہ داری پاکستان آرمی نے سنبھال رکھی ہے۔
لیژر لیگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسحاق شاہ نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے اور ان آٹھ کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کا مقصد یہی ہے کہ دنیا کو پاکستان کے بارے میں مثبت پیغام دیا جائے۔
اسحاق شاہ کے مطابق اس کے علاوہ پاکستان کے نوجوان فٹبالرز کو بھی ان نامور کھلاڑیوں کا کھیل دیکھ کر بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بات صرف ان دو میچوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کے بعد انگلینڈ کی چھ کھلاڑیوں پر مشتمل سکس اے سائیڈ اور مدینہ کے العقیق کلب کی ٹیم بھی پاکستان آ رہی ہے ۔
لیژر لیگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے مطابق ان کا ادارہ چاروں صوبوں میں فٹبال سٹیڈیمز کی حالت بہتر بنانے پر بھی کام کر رہا ہے اس کے علاوہ فٹبال اکیڈمی کا قیام بھی ان کے آئندہ منصوبوں میں شامل ہے ۔
اسحاق شاہ نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ان دو میچوں کا ٹکٹ بہت مہنگا اور عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا ٹکٹ ڈھائی ہزار روپے تھا جبکہ اس فٹبال میچ کا ٹکٹ دو ہزار روپے ہے۔ اس کے علاوہ مقامی کھلاڑیوں کے لیے جو لیگ کرائی گئی تھی اس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔ مختلف سکیموں کا اعلان کیاگیا اور اس کے تحت بھی سینکڑوں ٹکٹ مفت رکھے گئے ہیں۔
پاکستان کے انٹرنیشنل فٹبالر کلیم اللہ بھی ان دو نمائشی میچوں میں حصہ لیں گے جس کے لیے وہ خاص طور پر امریکہ سے پاکستان آئے ہیں۔ وہ ان دنوں امریکہ میں فٹبال لیگ کھیل رہے ہیں۔
کلیم اللہ نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ دنیا کے ان آٹھ مشہور فٹبالرز کے پاکستان آنے سے یہاں فٹبال کو فروغ ملے گا خاص کر نوجوان طبقے میں اس کھیل کا جوش وخروش بڑھے گا کیونکہ متوازی فیڈریشنز اور سیاسی مداخلت کی وجہ سے پاکستان کی فٹبال تباہی سے دوچار ہوگئی ہے۔
کلیم اللہ نے کہا کہ پاکستانی فٹبال کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ملک میں نہ کوئی بین الاقوامی معیار کا میدان ہے نہ ہی کوئی اکیڈمی ہے جس کی وجہ سے ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سنہ 2014 میں جب پاکستان نے انڈیا کے خلاف فٹبال سیریز جیتی تھی تو اس وقت دونوں ملکوں کی رینکنگ میں صرف پانچ درجوں کا فرق تھا لیکن اس وقت بھارت کی عالمی رینکنگ 100 ہے جبکہ پاکستان عالمی رینکنگ میں اپنی سب سے خراب پوزیشن 200 پر آ چکا ہے۔