’جڈیجا نے پانڈیا کے ساتھ ایسا کیوں کیا؟'

پاکستان نے اتوار کو چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل مقابلے میں انڈیا کو 180 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی جس کے بعد انڈیا کے سوشل میڈیا پر لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار اپنے انداز میں کیا۔

لندن کے اوول میدان میں کھیلے گئے اس میچ میں انڈیا کی پوری ٹیم 158 رنز پر پی ڈھیر ہو گئی۔ آئی سی سی کے کسی بھی ٹورنامنٹ کے فائنل کی تاریخ میں رنز کے حساب سے یہ اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔

انڈین سوشل میڈیا میں اتوار کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے جانے والے کرکٹ کے فائنل میچ کے بارے میں رنگا رنگ آرا دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ٹوئٹر پر میچ سے منسلک کم از کم آٹھ ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہے تھے۔

بہت سے لوگ انڈیا کو دکھی نہ ہونے کے پیغام دے رہے تھے تو کچھ پاکستان کو مبارکباد دے رہے تھے۔ بہت سے پانڈیا کی شاندار نصف سنچری کی بات کر رہے تھے۔

دیپ چند نے لکھا: 'اب آگے یہ سوال ہے کہ آخر رویندر جڈیجا نے پانڈیا کے ساتھ ایسا کیوں کیا؟'

میچ میں پانڈیا نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔

سید كرش آفتاب کے مطابق 'انڈین ٹیم کے واحد سپاہی پانڈیا تھے۔'

جڈیجا نے گیند ایک رن کے لیے کھیلی جس کے بعد دوسری جانب سے پانڈیا رن لینے کے لیے دوڑ پڑے لیکن جڈیجا کی نظر گیند پر تھی اور وہ چار قدم آ گے جا کر کریز پر واپس آئے اور اس طرح پانڈیا کو پویلین لوٹنا پڑا۔

Hitman نامی ایک صارف نے لکھا 'پانڈیا تو دبنگ نکلے، رویندر جڈیجا كٹپا نکلے۔'

يويو یش سنگھ نے لکھا: 'کھیل جیتنے کا جوش اس بات سے پتہ چلتا ہے کہ آپ آخر تک کتنا لڑ سکے. یہ چیز انڈین کھیل میں آج نظر نہیں آئی۔'

سابق کرکٹر وریندر سہواگ نے لکھا: 'شاندار جیت پر مبارک باد، آپ نے بہت اچھا کھیلا اور آپ جیت کے مستحق ہیں۔'

منیش پانڈے نے لکھا 'کسی انڈین کے لیے جو بات سب سے بری ہے وہ پاکستان سے ہار جانا ہے، انڈین ٹیم کی کارکردگی مایوس کن تھی، اس سے برا کچھ نہیں ہو سکتا۔'

لیكھر سدھیندر کلکرنی نے لکھا 'پاکستان کو مبارکباد دینے سے آپ کم بھارتی نہیں ہو جاتے لیکن پاک مخالف باتیں کرنے سے ایسے ضرور بن جائیں گے۔'

پیسیفک رگاسوامی لکھتے ہیں: پاکستان کے پاس 50 فیصد بھی وہ سہولیات نہیں ہیں جو انڈین ٹیم کو ملی ہیں، وہ ہر مشکل کو پار کرتے ہوئے جیتے ہیں ہمیں ان سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔'

سینئیر صحافی راجدیپ سردیسائی نے لکھا: 'ہمیں کھیل کو بغیر گولی کے جنگ کی طرح دیکھنا بند کرنا چاہیے اس سے ہم بہتر انڈین اور بہتر انسان بن سکیں گے۔'

اداکار رنویر سنگھ نے لکھا: 'آپ کچھ میچ ہارتے ہیں کچھ جیتتے ہیں، لیکن آپ کو دنیا کی عظیم ٹیم ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے۔'

اداکار سدھارتھ ملوترا نے لکھا: ’پاکستان کی ٹیم کو مبارک ہو آپ نے اچھا کھیلا. بھارت کی ٹیم کی تعریف کرتا ہوں، لیکن آج کا دن اچھا نہیں تھا۔‘

اداکار عرفان خان لکھتے ہیں: ’کھٹا میٹھا دن، ہاکی میں شاندار فتح کے لیے انڈین ٹیم کا شکریہ، کرکٹ میں پھر کسی اور دن۔'

اتوار دیسائی نے لکھا: 'اگر آپ برے وقت میں ٹیم انڈیا کے ساتھ نہیں ہیں تو آپ کو ان کی فتح پر جشن منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔'