آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹینس سٹار رافیل نڈال ریکارڈ دسویں بار فرینچ اوپن کے فاتح
سپین کے ٹینس سٹار رافیل نڈال نے اتوار کو پیرس میں سرخ مٹی کے کورٹ پر ایک بار پھر وہی کارنامہ انجام دیا جو وہ گذشتہ 13 برسوں میں نو بار فرینچ اوپن میں انجام دے چکے تھے۔
اتوار کو اپنے مداحوں کے درمیان وہ ہاتھ میں ریکٹ تھامے کورٹ پر آئے اور سوئٹزرلیند کے سٹین واورنکا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ریکارڈ دسویں بار فرینچ اوپن کا سنگلز اپنے نام کیا۔
جیت کے بعد نڈال نے کہا: 'میں تمام میچز میں اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہوں لیکن یہاں مجھے جیسا محسوس ہوتا ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے۔ آپ اس کا موازنہ نہیں کر سکتے ہیں۔'
رافیل پہلے مرد یا خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں جنھوں نے فرینچ اوپن گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں دس بار کامیابی حاصل کی ہے۔
انھوں نے 2-6،3-6،اور 1-6 سے یہ ٹائٹل جیت کر اپنا 15واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا ہے۔
خیال رہے کہ اس جیت کے ساتھ انھوں نے پیٹ سیمپراس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور روجر فیڈرر کے بعد اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
روجر فیڈرر نے رواں سال جنوری میں رافیل نڈال کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن میں جیت حاصل کی تھی جو کہ ان کا 18واں گرینڈ سلام ٹورنامنٹ تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ نے سنہ 1960 سے 1973 کے درمیان 11 بار آسٹریلین اوپن میں جیت حاصل کر رکھی ہے اور کسی ایک گرینڈ سلام میں سب سے زیادہ جیت انھی کے نام ہے۔
نڈال نے اس جیت سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کلے کورٹ کے بادشاہ ہیں اور انھیں کوئی چھو بھی نہیں سکتا۔
سٹین واورنکا نے سنہ 2015 میں فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا تھا لیکن رواں سال کے فائنل میں وہ پھر سے اپنا سابقہ حیرت انگیز کارنامہ نہیں دکھا سکے۔