چیمپیئنز ٹرافی: ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف 40 رنز سے جیت

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنمورگن نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر 159 رنز کی شراکت داری قائم کی

انگلینڈ اور ویلز میں جاری چیمپیئنز ٹرافی کے دسویں میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 40 سے کامیابی حاصل کر لی ہے میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت ہوا۔

انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 278 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

بارش کے باعث جب کھیل رکا تو اس وقت کریز پر بین سٹوکس اور جوس بٹلر موجود تھے اور انگلینڈ نے 40.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ اچھے رن ریٹ کی وجہ سے یہ میچ جیتنے میں کامیاب تھا۔

بین سٹوکس نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے اپنے ایک روزہ کیریئر کی تیسری سینچری بنائی ہے۔

اس سے قبل بھی بارش کے باعث کھیل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا تاہم اس دوران کوئی اوور ضائع نہیں ہوا۔

ایجبسٹن میں کھیلے جارہے میچ میں 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا تو مچل سٹارک نے پہلے ہی اوور میں جیسن روئے کو چار کے سکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔

دوسرے اوور میں ہیزل ووڈ نے ایلکس ہیلز کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔

انگلینڈ کی ٹیم ابھی ابتدائی نقصان سے سنبھل نہ پائی تھی کہ 35 کے مجموعی سکور پر ہیزل ووڈ نے کو روٹ کو آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد اوئین مورگن نے 81 گیندوں پر پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوئے۔

انھوں نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر 159 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمچل سٹارک نے پہلے ہی اوور میں جیسن روئے کو چار کے سکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔

ٹریوس ہیڈ نے آخری عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور مارک ووڈ نے آخری اوورز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ عادل رشید اور ووڈ نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ سٹوکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنانگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور مارک ووڈ نے آخری اوورز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا تو 40 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ وانر کو ووڈ نے آؤٹ کر دیا، انھوں نے 21 رنز بنائے۔

اس کے بعد ایرون فنچ نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر 96 رنز کی شراکت قائم کی۔

فنچ نے صرف 64 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے اور سٹوکس کی گیند پر مورگن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان سمتھ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 52 کے انفرادی سکور پر ووڈ کی دوسری وکٹ بنے۔

دیگر بلے بازوں میں ہینریقز 17، میسکویل 20 ، ویڈ دو سٹارک اور زمپا صفر اور کمنز چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

فنچ

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنفنچ نے صرف 64 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے

گروپ اے سے انگلینڈ‌ کی ٹیم بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ آسٹریلیا کے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے آسٹریلیا کو شکست دیے جانے کے بعد بنگلہ دیش نے بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

گروپ اے کے گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔