پی سی بی کا بھی افغانستان سے کرکٹ کھیلنے سے انکار

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنافغانستان کرکٹ بورڈ کے ایک وفد نے گذشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے دورہ کے موقع پر اصرار کیا تھا کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے

افغانستان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ مجوزہ کرکٹ سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے میڈیا میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے آنے والا حالیہ بیان قابلِ افسوس ہے۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو غیر ملکی سفارت خانوں کے پاس ہونے والے خود کش حملے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ مجوزہ دوستانہ کرکٹ میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی مجوزہ سیریز کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کردہ اعلان کے ساتھ کابل بم دھماکے کا ہیش ٹیگ ’کابل بلاسٹ‘ استعمال کیا گیا تھا۔

بی بی سی کے نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کرکٹ بورڈ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پی سی بی کے مینیجر میڈیا کمیونیکیشن اینڈ مارکٹنگ عماد حمید کا کہنا تھا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایسا بیان آنا افسوس ناک امر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اپنے اعلامیے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کرکٹ بورڈ کے اس قابلِ افسوس مؤقف کی مذمت بھی کی ہے۔ افغانستان میں کرکٹ کی نشوونما کے لیے جتنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کردار رہا ہے شاید ہی کسی اور کا رہا ہو۔‘

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعماد حمید کا کہنا تھا دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی مجوزہ سیریز منسوخ ہو چکی ہے

ان کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کو کرکٹ سے متعارف کروانے سے لے کر افغانستان کی بین الاقوامی ٹیم بنانے تک پاکستان کرکٹ کا کلیدی کردار رہا ہے۔

’آج بھی اگر آپ ٹوئٹر دیکھیں تو ماضی کے کافی افغان کرکٹروں کے پیغامات چل رہے ہیں جنھوں نے بار بار پاکستان کرکٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ گذشتہ ہفتے ہونے والا غیر رسمی سمجھوتہ افغانستان میں سکیورٹی کے موزوں حالات کے ساتھ مشروط تھا جسے اب وہاں سکیورٹی کی مسلسل بگڑتی صورتحال کے پیشِ نظر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے ایک وفد نے گذشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے دورہ کے موقع پر اصرار کیا تھا کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے جبکہ اب وہ خود اپنی بات سے پھرتے ہوئے کرکٹ پر سیاست کر رہے ہیں اور اپنی خامیوں کا الزام پاکستان کے سر دھر رہے ہیں۔

پی سی بی کے مینیجر میڈیا کمیونیکیشن اینڈ مارکٹنگ عماد حمید کا کہنا تھا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کا حالیہ بیان خود ان کے اس بیان کی تردید ہے کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے۔

’انھوں نہ خود ہی بار بار اس بات پر زور دیا تھا کہ کرکٹ اور امن کی بحالی کیلیئے کام کیا جانا چاہیے اور اس کے بعد ان کی طرف سے ایسا بیان آنا انتہائی قابلِ افسوس بات ہے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان کے ساتھ مجوزہ دوستانہ میچ کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شکراللہ عاطف مشعل نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ قومی مفاد کے تناظر میں ہی کیا جائے گا۔

عماد حمید کا کہنا تھا دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی مجوزہ سیریز منسوخ ہو چکی ہے اور اس کے مستقبل کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔