مطمئن ہوں کہ وہ حاصل کیا جو بڑی ٹیمیں بھی نہ کر سکیں: مصباح الحق

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیت کر ایک ایسا خواب سچ کر دکھایا ہے جو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ساری ٹیمیں دیکھتی ہیں۔
مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے دورۂ ویسٹ انڈیز کی تکمیل کے بعد بدھ کو لاہور پہنچے ہیں۔
اس دورے میں پاکستان نے پہلی بار ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے۔
یہ سیریز مصباح الحق کے بین الاقوامی کریئر کی آخری سیریز بھی تھی اور وہ اب ہر قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔
ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ان کے کریئر کی آخری سیریز فتح پر تمام ہوئی اور آخری میچ ایک یادگار میچ ثابت ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مصباح الحق نے کہا یہ فتح وہ زندگی بھر یاد رکھیں گے اور اس کا سہرا ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے سر ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنے کریئر سے کافی حد تک مطمئن ہیں۔ 'جب بھی انسان پیچھے مڑ کر دیکھتا ہے تو سوچتا ہے کہ کیا مزید کر سکتا تھا لیکن مجھے خوشی ہے اور مطمئن ہوں کہ ایسی چیزیں حاصل کیں جو بڑی بڑی ٹیمیں بھی نہ کر سکیں۔'
مصباح کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کی سرزمین پر فتح وہ کامیابی ہے جس کے دنیا کی باقی ٹیمیں خواب دیکھتی ہیں۔










