انڈیا کا چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ

،تصویر کا ذریعہBCCI/Twitter
انڈین کرکٹ بورڈ نے یکم جون سے انگلینڈ اور ویلز میں شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس بات کا فیصلہ اتوار کو دہلی میں ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گيا ہے کہ آئی سی سی کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے بی سی سی آئی کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز نے آئی سی سی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی بات کی تھی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں چیمپیئنز ٹرافی کے لیے انڈیا کی ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چیمپیئنز ٹرافی میں انڈیا کے علاوہ پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور انھوں نے اپنی اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بی سی سی آئی کے ایک سینيئر اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا: 'یہ تمام لوگوں کا متفقہ فیصلہ تھا کہ انڈیا چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرے۔ ہم لوگ اس معاملے میں کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کریں گے۔ امیتابھ چودھری اور سی ای او راہل جوہری آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔'
کرکٹ تجزیہ نگار جسوندر سدھو نے اس سے پہلے کہا تھا: 'ٹیم انڈیا کو کھیلنے سے روکنا اب بی سی سی آئی کے بس میں نہیں ہے۔ سپریم کورٹ درمیان میں ہے اور سات مئی کو ہونے والے بی سی سی آئی کے اجلاس میں پہلے سے ہی ناکامیوں کے سبب نشانے پر موجود بی سی سی آئی کے حکام کے پاس ٹیم کو بھیجنے کے سوا کوئی دوسرا چارہ نہیں ہے۔'
ان کے مطابق سپریم کورٹ کی منتظمین کی کمیٹی انڈین ٹیم کو روکے جانے کے خلاف ہے اور کمیٹی کے ایک رکن اور تاریخ داں رام چندر گوہا نے ٹویٹ بھی کیا ہے کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ انڈیا کو چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنا چاہیے۔
ایجنسی کے مطابق بی سی سی آئی کے سابق صدر این سری نواسن نے اس اجلاس میں سکائپ کے ذریعے شرکت کی لیکن انھوں نے رائے عامہ کے سامنے چپ رہنا ہی مناسب سمجھا۔









