آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ماریہ طورپکے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی میں شامل
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کی سکواش کھلاڑی ماریہ طورپکے کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے خواتین سے متعلق اپنے سپورٹس کمیشن میں شامل کرلیا ہے۔
وہ پاکستان کی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں جو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے کسی کمیشن میں شامل ہوئی ہیں۔
حالیہ برسوں میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے مختلف فورم میں خواتین کی نمائندگی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور ماریہ طورپکے کی یہ تقرری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی معلوم ہوتی ہے۔
سکواش کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ ماریہ طورپکے کا تجربہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔
ماریہ طورپکے کا کہنا ہے کہ وہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا حصہ بننے پر بہت زیادہ خوش ہیں اور وہ خواتین کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کے حقوق کے لیے زیادہ بہتر انداز میں اپنی آواز بلند کرسکتی ہیں۔
ماریہ طورپکے کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ کھیلوں میں خواتین اور مرد دونوں کو یکساں مواقع ملیں اور انہیں محفوظ ماحول میسر آسکے۔
ماریہ کا شمار پاکستان کی صف اول کھلاڑیوں میں ہوتا ہے لیکن پاکستان میں سکواش کھیلنے پر دھمکیوں کے بعد وہ کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں جہاں انھوں نے سابق عالمی نمبر ایک جوناتھن پاور کی نگرانی میں ٹریننگ حاصل کی اور متعدد بین الاقوامی ٹورنامنٹس جیتے۔