بریج ٹاؤن: ویسٹ انڈیز کے چھ وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز

بریج ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا لیے ہیں۔

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر روسٹن چیز اور جیسن ہولڈر کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالتریب 131 اور 58 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات روسٹن چیز اور جیسن ہولڈر کی شاندار بیٹنگ تھی۔ دونوں بیٹسمینوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 132 رنز کا اضافہ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کریگ بریتھ ویٹ اور کیرون پاؤل نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 12 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کریگ بریتھ ویٹ نے نو، کیرون پاؤل نے 38، شمران نے ایک، ہوپ نے پانچ، وشوال سنگھ نے تین اور شین ڈورچ نے 29 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے دو، دو جب کہ یاسر شاہ اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے نوجوان سپنر شاداب خان نے شین ڈورچ کو آؤٹ کر کے اپنے کریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کی جگہ نوجوان لیگ سپنر شاداب خان کو ان کے کریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ملا۔

شاداب خان کو ٹیسٹ کیپ ٹیم کے سینیئر کھلاڑی یونس خان نے دی جنھوں نے پچھلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے دس ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہ ٹیسٹ سیریز پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور یونس خان کے کیرئیر کی آخری سیریز ہے اور اگر پاکستان اس میچ میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے تو تاریخ میں پہلی دفعہ وہ ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر کسی ٹیسٹ سیریز میں فتح یاب ہوں گے۔