آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’خدارا یونس خان کی صداقت پر شک نہ کریں'
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلےباز اور سابق کپتان یونس خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک نئی ویڈیو میں اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان کی دوبارہ تصدیق کی ہے۔
یونس خان نے اس ماہ کے آغاز میں کپتان مصباح الحق کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن ایک روز قبل کرکٹ آسٹریلیا ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'میں مزید کرکٹ کھیل سکتا ہوں، لیکن میرے خیال میں ریٹائر ہونے کا بہتر وقت وہی ہے جب لوگ آپ کو مزید کھیلتا دیکھنا چاہتے ہوں نہ کہ وہ سمجھ رہے ہوں کہ آپ کو جانا چاہیے۔'
اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا دونوں پر بحث جاری تھی کہ کیا یونس خان اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لے لیں گے یا نہیں۔
لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری کنگسٹن ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے بعد جاری ہونے والی ویڈیو میں یونس خان نے واضح طور پر اس بات کی تردید کر دی۔ ویڈیو میں انھوں نے کرکٹ آسٹریلیا ڈاٹ کام کو دیے جانے والے انٹرویو کے حوالے سے کہا: 'مجھ سے کیا سوال ہوئے، میں نے اس کا کیا جواب دیا، اور آپ کے سامنے کیا آیا، میں اس کی تفصیل میں نہیں جاؤں گا۔'
انھوں نے کہا: 'یونس خان اگر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہر میچ کی ہر اننگز میں بھی سنچری کریں گے پھر بھی وہ انشااللہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوں گے۔ اور اگر کوئی ایسی بات میرے ذہن میں ہوتی تو میں پاکستانی ہی ہوں، پاکستان کے لیے کھیلتا ہوں۔ پڑوسی ملک انڈیا کے لیے نہیں کھیلتا کہ اتنی متنازع بات بنا دی جائے۔ خدارا یونس خان کی صداقت پر شک نہ کریں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ چند دن قبل یونس خان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی طرف سے ملک کی بہترین خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ انھوں نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔
یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے کیا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنائی۔
یونس خان نے 115 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں 34 سینچریاں شامل ہیں۔ انھیں دس ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 23 رنز درکار ہیں۔
ان کا نام حال ہی میں وزڈن کے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا۔
یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انھوں نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سینچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔
یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی 20 کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوران ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔