کنگسٹن ٹیسٹ: عامر کی پانچ وکٹیں، بارش کے باعث دوسرے دن کا کھیل ختم

،تصویر کا ذریعہAFP
کنگسٹن میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور صرف 11.3 اوورز ہی کروائے جا سکے۔
امپائرز نے فیصلہ کیا کہ تیسرے روز کا کھیل مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ جلد شروع کیا جائے گا۔
سنیچر کو جب دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنا لیے تھے۔
میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو محمد عامر نے پاکستان کو جلد ہی دو کامیابیاں دلوا دیں اور کرکٹ میں واپسی کے بعد اننگز میں پہلی بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
انھوں نے پہلے بشو کو 28 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا اور بعد میں جوزف کو صفر پر بولڈ کر کے اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب ہولڈر نے 60 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ان کے ساتھ شینن بیٹنگ کر رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کریگ بریتھویٹ اور کائرن پاول نے اننگز کا آغاز کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حالیہ دورے کے دوران پاکستان میزبان ٹیم کو ون ڈے اور ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تو شکست دے چکا ہے۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 16 ٹیسٹ سیریز میں 49 کرکٹ ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دونوں ٹیمیں اب تک پانچ، پانچ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں جبکہ چھ سیریز برابر رہی ہیں۔
پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف اب تک 18 ٹیسٹ میچ جیت چکا ہے کہ جبکہ ویسٹ انڈیز کو 16 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ آج تک پاکستان ویسٹ انڈیز کو اس کی ہوم سیریز میں شکست نہیں دے پایا ہے۔
پاکستان: مصباح الحق (کپتان)، اظہرعلی، احمد شہزاد، بابراعظم، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، یاسر شاہ، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عباس۔
ویسٹ انڈیز: جیسن ہولڈر، دیوندرا بشو، کریگ بریتھویٹ، راسٹن چیز، میگوئل کمنز، شین ڈورچ، شینن گیبریئل، شیمرون ہیٹمر، شئے ہوپ، الزاری جوذف، کائرن پاؤل، وشویل سنگھ۔









