غیر ملکی ہاکی لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون

پاکستان میں خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کی گول کیپر رشنا خان غیر ملکی ہاکی لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔
رشنا نے آسٹریلیا کے شہرسڈنی کے ایک ہاکی کلب سے چھ ماہ کا معاہدہ کیا ہے جس کے دوران وہ وہاں لیگ میچ کھیلیں گی۔
نامہ گار عبداللہ فاروقی کے مطابق وہ لاہور کے کنیئرڈ کالج سے ابلاغِ عامہ کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں جس میں بیرونِ ملک جانے کی وجہ سے تعطل تو آئے گا لیکن وہ اپنی تعلیم مکمل ضرور کریں گی۔
انھوں نے بتایا 'مجھے ہاکی کھیلنے کا جنون کی حد تک شوق ہے جسے میں نے تعلیم کے ساتھ مکمل کیا اور پاکستان کی قومی ٹیم میں گول کیپر کی حیثیت سے شمولیت کی صورت میں میرا خواب پورا ہوا ہے۔'
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا:'آپ کو زندگی ایک بار ہی ملتی ہے اس لیے تمام خواہشات پوری کرنی چاہیئں۔ میں گانوں کی ویڈیوز میں ماڈلنگ بھی کر چکی ہوں۔ اصل بات یہ کے آپ جو کریں وہ بہترین انداز میں کریں۔'
رشنا خان نے بتایا کہ ان کا آسٹریلیا کے شہر سڈنی کا سینٹ جارج سینڈوک ہاکی کلب سے چھ ماہ کا معاہدہ ہوا ہے اور اِس دوران وہ کلب کے لیے تمام لیگ میچ کھیلیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اِس سے پہلے پاکستان میں مرد ہاکی کھلاڑی تو لیگ کھیلنے بیرونِ ملک جاتے تھے لیکن خاتون کوئی نہیں گئی تھی اور میں ایک ٹرینڈ سیٹ کرنا چاہتی ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رشنا خان نے پاکستان میں ہاکی کے لیے سپانسرز نہ ملنے کا شکوہ بھی کیا جس کی وجہ اُن کے خیال میں فنڈز کی کمی اور پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے نہ ہونا ہے۔
انھوں نے اِس عزم ظاہر کیا کہ وہ لیگ سے واپسی پر پاکستان میں ایک اکیڈمی قائم کریں گی تاکہ جو وہ سیکھ چکی ہیں وہ ضائع نہ ہو۔







