گیانا: ویسٹ انڈیز کی پاکستان کے خلاف شاندار فتح

،تصویر کا ذریعہGetty Images
گیانا میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں وییسٹ انڈیز نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
میزبان ٹیم نے 309 کا بڑا ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کی فتح میں جیسن محمد نے اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے دیگر بلے بازوں میں کیرن پاول نے 61 اور ایون لیوس نے 47 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاداب خان نے دو، دو جب کہ وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے۔
پاکستان کے نمایاں بلے بازوں میں محمد حفیظ نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 88 جب کہ احمد شہزاد نے چھ چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے نرس نے چار اور ہولڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مہمان ٹیم کے بلے باز جیسن محمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کے بعد بات کرتے ہوئے جیسن محمد کا کہنا تھا ’ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں واپس آنا اچھا ہے۔ میں نے سنہ 2011 میں اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ کوئی بھی جیت اہم ہوتی ہے تاہم 300 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنا بہت زبردست ہے۔









