پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ: شرجیل خان پر فرد جرم عائد

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سات رکنی اینٹی کرپشن ٹریبونل نے سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں اپنی ابتدائی سماعت جمعے سے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع کر دی ہے۔
پی سی بی کے وکیل نے کھلاڑی شرجیل خان پر لگائے گئے الزامات پڑھے جس کے تحت شرجیل خان نے پی سی بی کے انسداد کرپشن ضابطہ اخلاق کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اینٹی کرپشن ٹریبونل نے دونوں فریقین سے مشاورت کے بعد سماعت کے طریقہ کار اور دورانیہ کا ضابطہ اخلاق کے مطابق تعین کیا۔
پی سی بی شرجیل خان پر لگائے جانے والے الزامات کی تفصیلات اور ان کے ثبوت 14 اپریل تک جمع کرائے گا جبکہ شرجیل خان کو ان الزامات کے جوابات جمع کرانے کے لیے پانچ مئی تک کی مہلت دی گئی ہے۔ سماعت کا آخری حصہ 15 مئی سے شروع ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث دوسرے کھلاڑی خالد لطیف طبیعت کی ناسازی کے باعث پی سی بی کے ٹریبونل کے سامنے پیش نہ ہو سکے اور ان سے متعلق سماعت 31 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ اس سال فروری میں کھیلے جانے والی پاکستان سپر لیگ کے سیزن ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف پر سپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا تھا اور اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں مزید شرکت نہیں کی۔








