ون ڈے کھیلنے کا انداز بدلنے کی ضرورت ہے ، مکی آرتھر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو امید ہے کہ نئے کپتان سرفراز احمد اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستانی ٹیم ون ڈے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ سفید گیند کی کرکٹ ( ون ڈے ) کھیلنے کے انداز میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور انہیں امید ہے کہ نئے کپتان سرفراز احمد کے آنے سے مطلوبہ نتائج سامنے آسکیں گے جو جارحانہ طرز کی کرکٹ کے کھلاڑی ہیں۔
مکی آرتھر نے کہا کہ وہ سرفراز احمد اور سابق کپتان اظہرعلی کا موازنہ نہیں کریں گے تاہم یہ ضرور ہے کہ ٹیم مجموعی طور پر اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہی تھی۔
واضح رہے کہ ون ڈے کی کپتانی چھوڑنے کے بعد اظہرعلی ویسٹ انڈیز کے دورے میں عام بیٹسمین کی حیثیت سے بھی جگہ نہیں بناسکے ہیں۔
مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم متوازن ہے البتہ اس کی بولنگ میں بہتری کی ضرورت ہے کیونکہ حالیہ ٹیسٹ میچوں میں یہ حریف ٹیم کی بیس وکٹیں حاصل نہیں کرسکی ۔
مکی آرتھر نے واضح کردیا کہ فاسٹ بولر سہیل خان سے ان کی کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے جیسا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں۔ تاہم سہیل خان کو دیگر نوجوان فاسٹ بولر کے مقابلے میں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانی ہوگی۔
مکی آرتھر نے کہا کہ شرجیل خان کا نہ ہونا ٹیم کے لیے بڑا نقصان ہے۔انہیں نہیں پتہ کہ شرجیل خان نے یہ سب کچھ کس دباؤ کے تحت کیا لیکن پیسے کی لالچ لے ڈوبتی ہے۔
مکی آرتھر نے کہا کہ شرجیل خان بہت جلد تینوں فارمیٹس میں ایک زبردست جارحانہ بیٹسمین کا روپ دھارنے والے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ نے کہا کہ دنیا کا ہر کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کھلاڑیوں کو کرپشن سے بچنے سے متعلق لیکچرز دیتے ہیں لیکن اس میں زیادہ ذمہ داری کھلاڑی کو خود دکھانی پڑتی ہے وہ اپنے طرز عمل کا خود ذمہ دار ہوتا ہے۔








