شعیب اختر کے دل کا ٹکڑا اور خوشیوں کی پوٹلی

شعیب اختر

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنسابق کرکٹر شعیب احتر اپنے بیٹے کے ہمراہ

پاکستان کے سابق کرکٹر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے پہچانے جانے والے فاسٹ بولر شعیب اختر نے سنیچر کو سوشل میڈیا پر اپنے بچے کی تصاویر جاری کی ہیں۔

شعیب کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور ان کے ہاں بچے کی ولادت نومبر 2016 میں ہوئی۔ اس کے بعد سے اب تک شعیب نے کبھی بھی سوشل میڈیا پر اپنے بچے کی تصاویر نہیں لگائی تھیں۔ لیکن گذشتہ جمعے کو پہلے انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ وہ ایک ایسے انسان کی تصویر شیئر کریں گے جو آج کل ان کی زندگی ہے۔ کوئی بتائے کہ وہ کون ہو گا؟

ان کے اس ٹویٹ کے بعد ان کے مداحوں میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ کون ہے جو آج کل ان کی زندگی ہے اور آنے والی تصویر کا انتظار ہونے لگا۔ اگلے دن ہی شعیب اختر نے اپنے بیٹے کی تصویر لگائی اور لکھا کہ یہ ان کے دل کا ایک ٹکڑا ہے اور خوشیوں کی پوٹلی۔

شعیب اختر

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنشعیب اختر کے ہاں بچے کی ولادت نومبر 2016 میں ہوئی

اپنی اگلی ٹویٹ میں شعیب اختر نے لکھا کہ میں اسے 'سکس سائن' یعنی چھ کا نشان سکھا رہا تھا لیکن مجھے لگا کہ میرے چیمپئن کی اس میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ 'کیا کسی نے کہا ہے کہ یہ بولر کی جینز ہیں؟'

ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ ایسا لگتا ہے اس نے ایک تیز کیچ پکڑنے کے لیے چھلانگ لگائی ہے لیکن اپنے والد کے برعکس اس نے بڑے عمدہ طریقے سے یہ کیچ پکڑ لیا ہے۔ کسی ریفرل کی ضرورت نہیں۔