آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بنگلور ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 48 رنز کی برتری
بنگلور میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 48 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ اس کی چار وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
اتوار کو جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلوی اننگز میں اب تک سب سے کامیاب بلے باز میٹ رینشا اور شان مارش رہے ہیں جنھوں نے بالترتیب 60 اور 66 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔
انڈیا کے 189 رنز کے جواب میں ڈیوڈ وارنر اور میٹ رینشا نے آسٹریلوی اننگز کا 40 رنز سے دوبارہ آغاز کیا تو 52 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ وارنر 33 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے والے سٹیون سمتھ صرف آٹھ رنز بنا سکے جبکہ ہینڈزکومپ نے 16 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجا تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے ہیں۔ ان کے علاوہ ایشانت شرما، اومیش یادو اور ایشون نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل سنیچر کو بنگلور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ایک بار پھر آسٹریلین ٹیم کے سپنرز نے انڈین بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا اور انھیں کریز پر جمنے نہیں دیا۔
پہلے دن انڈیا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز میں 189 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایک بار پھر سپنرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سپن بولنگ کو بہتر انداز میں کھیلنے کے لیے مشہور انڈین بلے باز اپنے ہی میدان پر انھیں کھیلنے میں ناکام دکھائی دیے۔
نیتھن لیون نے عمدہ بولنگ کی اور صرف 50 رنز عوض آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ سٹیو اوکیف اور مچل سٹارک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔