اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح

،تصویر کا ذریعہPSL
شارجہ کے میدان میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں آج کے میچ میں دفاعی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر سیم بلنگز نے ناقابل شکست 78 رنز بنائے اور شین واٹسن کے ساتھ 63 رنز کی شراکت بھی قائم کی جس کی بدولت انھوں نے اپنی ٹیم کے لیے فتح یقینی بنائی۔
بلنگز کو مین آف دی میچ کا اعزاز بھی ملا۔
شین واٹسن اسلام آباد کی فتح تک کریز پر موجود نہ رہ سکے اور پریرا کی گیند پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
سیم بلنگز نے اپنی نصف سنچری صرف 36 گیندوں پر مکمل کر لی اور تھسارا پریرا کے پندرہویں اوور میں شین واٹسن کے ساتھ مل کر 16 رنز لوٹ لیے۔
تعاقب کے ابتدا میں ڈیوائن سمتھ اور بلنگز نے محتاط آغاز کیا لیکن جب محمد نواز نے دو اوور میں دو وکٹ لیے تو یونائیٹڈ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
معاملہ مزید دشوار ہو گیا جب کپتان مصباح الحق نوجوان سپنر حسن خان کی گیند پر دس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت اسلام آباد کا سکور گیارہویں اوور میں 72 رنز تھا۔
لیکن اس کے بعد واٹسن اور بلنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کمزور بولنگ اور غلط حکمت عملی کا فائدہ اٹھایا اور فاسٹ بولرز کی خوب درگت بنائئ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر گل نے ساڑھ آٹھ اور تھسارا پریرا نے 12 رنز پر اوور کی اوسط سے رنز دیے۔
اس سے پہلے ٹاس ہارنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کی اور اپنی اننگز تمام ہونے تک چھ وکٹیں کھونے کے بعد 148 رنزبنائے۔
اسد شفیق سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جنھوں نے 45 رنز بنائے جبکہ اسلام آباد کے محمد سمیع اور شین واٹسن نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

،تصویر کا ذریعہPSL
لیکن یونائیٹڈ کی طرف سے سب سے زیادہ متاثر کرنے والے بولر تھے لیگ سپنر شاداب خان جنھوں نے کوئئ وکٹ تو نہیں لی لیکن چار اوورز میں صرف 19 رنز دیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے محمود اللہ اور تھسارا پریرا نے آخری پانچ اوورز میں 46 رنز بنا کر کے سکور کو سہارا دیا۔
دسویں اوور میں شین واٹسن نے ایک بہت اہم کامیابی حاصل کی جب انھوں نے کوئٹہ کے کامیب ترین بیٹسمین رائلی روسو کی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔ روسو آج سات رنز بنا سکے۔
محمد سمیع نے اپنے تیسرے اوور میں دو لگاتار گیندوں پر پہلے احمد شہزاد اور اس کے بعد کیون پیٹرسن کی قیمتی وکٹیں حاصل کر لیں۔ اس ٹورنامنٹ میں پیٹرسن مسلسل دو میچوں میں پہلی گیند پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اسد شفیق اور احمد شہزاد نے اوپننگ کی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ٹیم میں واپس آنے والے محمد عرفان نے پہلا اوور اور محمد سمیع نے دوسرا اوور کرایا۔
دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے پہلے چھ میچ کھیلے گئے تھے اور اب شارجہ کرکٹ سٹیڈیم پی ایس ایل کے اگلے آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا جو کہ بیس فروری تک جاری رہیں گے۔
اس کے بعد ٹورنامنٹ دوبارہ دبئی منتقل ہو جائے گا۔کل جمعرات کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں کراچی کنگز کا سامنا لاہور قلندرز سے ہو گا۔









