رفعت اللہ مہمند اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل

رفعت اللہ مہمند

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنرفعت اللہ مہمند سنہ 2015 میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی

پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے اپنے دو بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کی معطلی کے بعد 40 سالہ اوپنر رفعت اللہ مہمند کو اپنے سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شرجیل خان اور خالد لطیف کو بک میکرز سے روابط کے الزام میں معطل کر کے متحدہ عرب امارات سے واپس پاکستان بھیجا جا چکا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے رفعت اللہ مہمند کی سکواڈ میں شمولیت کا اعلان پیر کی شب کیا تھا جبکہ دوسرے کھلاڑی کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

رفعت اللہ مہمند سنہ 2015 میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

انھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی بارہ سنچریاں بنا رکھی ہیں جبکہ قومی سطح پر ہونے والے 56 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں وہ پانچ نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستان سپر لیگ میں اپنا تیسرا میچ بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شارجہ میں کھیلے گی۔

پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی فاتح اس ٹیم نے ابھی تک اس ٹورنامنٹ میں ایک میچ جیتا ہے جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک اس لیگ میں اپنے دونوں میچ جیتنے والی واحد ٹیم ہے۔